ایرانی شہری کو پاکستانی شناختی کارڈ جاری کرنے کے الزام میں نادرا کے سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر ضیاء الحق گرفتار
کراچی ایئرپورٹ پر قطر جانے والے دو مسافر پاکستانی پاسپورٹس کے باوجود پیدائشی ایرانی شہری نکلے، تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا
ایرانی شہری کو پاکستانی شناختی کارڈ جاری کرنے کے الزام میں نادرا کے سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر ضیاء الحق گرفتار
کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے ایرانی شہری کو مبینہ طور پر پاکستانی شناختی کارڈ جاری کرنے کے معاملے میں نادرا کے سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر ضیاء الحق آرائیں کو گرفتار کرلیا۔
ڈیلی پاکستان آن لائن کے مطابق وی نیوز نے ایف آئی اے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ مقدمہ نمبر 273/2026 میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جس کے بعد نادرا میگا، سائمنز چورنگی کراچی برانچ میں سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر (ٹیکنیکل) کے طور پر تعینات رہنے والے ضیاء الحق آرائیں کو مزید تفتیش کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم پر ایرانی شہری محمد اکبر کا کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) پراسیس کرنے میں کردار ادا کرنے کا الزام ہے۔
اس مقدمے کا آغاز جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر دو مسافروں کو روکنے کے واقعے سے ہوا، جو پاکستانی پاسپورٹس پر قطر جانے کے لیے روانہ ہو رہے تھے۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران دونوں مسافروں کی پاکستانی شہریت سے متعلق شکوک و شبہات پیدا ہوئے، جس پر امیگریشن حکام نے انہیں روک کر ابتدائی پوچھ گچھ کی۔
دورانِ تفتیش دونوں مسافروں نے انکشاف کیا کہ وہ پیدائشی طور پر ایرانی شہری ہیں اور انہوں نے رقم کے عوض غیر قانونی ذرائع استعمال کرکے پاکستانی شناختی دستاویزات حاصل کی تھیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق مزید تحقیقات کے دوران ایرانی شہری محمد اکبر کا پاکستانی شناختی کارڈ پراسیس کرنے میں نادرا کے سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر ضیاء الحق آرائیں کا کردار سامنے آیا، جس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا تاکہ شناختی دستاویزات کے مبینہ غیر قانونی اجرا میں ان کے کردار کی مزید چھان بین کی جاسکے۔
گرفتار ملزم کے کردار، متعلقہ دستاویزات اور نادرا کے ریکارڈ کی تفصیلی تصدیق کی جا رہی ہے۔
تحقیقاتی ادارے نے معاملے کے دیگر پہلوؤں کا جائزہ لینے کے ساتھ مبینہ نیٹ ورک میں شامل دیگر افسران، ایجنٹس اور سہولت کاروں کی نشاندہی کے لیے بھی تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے۔
حکام اس بات کا تعین کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ غیر ملکی شہریوں کو پاکستانی شناختی دستاویزات فراہم کرنے کے عمل میں مزید کون سے افراد ملوث ہوسکتے ہیں۔
ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے مطابق غیر قانونی طور پر قومی شناختی دستاویزات جاری کرنے اور غیر ملکی شہریوں کو پاکستانی شناخت فراہم کرنے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ادارے نے واضح کیا ہے کہ ایسے معاملات میں ملوث افراد، سرکاری اہلکاروں، ایجنٹس اور سہولت کاروں کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔