ضمنی انتخابات: پی پی 203 پر ن لیگ کے محمد اسد حنیف کامیاب، این اے 77 پر بھی لیگی امیدوار آگے

محمد اسد حنیف 41 ہزار 605 ووٹ لیے ،راشد بشیر ورک 24 ہزار 808 ووٹ لے کر آگے

November 8, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

چیچی وطنی: پنجاب اسملبی کے حلقہ پی پی 203 ساہیوال 6 کے ضمنی انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے محمد اسد حنیف کامیاب ہوگئے۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 چیچہ وطنی پر ضمنی انتخاب ہوا جہاں ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہا۔

غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پی پی 203 چیچہ وطنی میں مسلم لیگ (ن) کے محمد اسد حنیف 41 ہزار 605 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ تحریک احساس پاکستان کے محمد اویس محمود 25 ہزار 27 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

ن لیگی امیدوار کی کامیابی کے بعد ان کے ڈیرے پر حامیوں نے جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ 

دوسری جانب قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ 1 کے ضمنی انتخاب میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے جہاں 333 پولنگ اسٹیشنز میں سے 120 کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم ليگ (ن) کے راشد بشیر ورک 24 ہزار 808 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے محمد ابراہیم 17 ہزار 963 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

این اے 77 کی نشست ن لیگی ایم این اے محمود بشیر ورک کے انتقال پر خالی ہوئی تھی جبکہ پی پی 203 چیچہ وطنی کی نشست ن لیگ کے حنیف جٹ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

این اے 77 کے ضمنی انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 11 امیدوار حصہ لے رہے ہیں جن میں مسلم لیگ ن کے امیدوار راشد بشیر ورک، مرکزی مسلم لیگ کے امیدوار قاضی ابراہیم گجر اور آزاد امیدوار الفت رسول وڑائچ نمایاں ہیں۔

اس حلقے میں پیپلز پارٹی نے اپنا امیدوار کھڑا نہیں کیا جبکہ پی ٹی آئی نے بائیکاٹ کر رکھا ہے۔

دوسری جانب چیچہ وطنی کے حلقہ پی پی 203 میں آج ہونے والے ضمنی الیکشن کے لیے 7 امیدوار میدان میں ہیں، یہاں بھی تحریک انصاف نے انتخابات کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔