کسی بھی دورے کے دوران مارکیٹیں اور کاروبار بند نہ کیے جائیں، مریم نواز کی حکام کو ہدایت

تمام سیکیورٹی انتظامات خفیہ اور غیر محسوس انداز میں کیے جائیں ، ایکس پر پیغام

November 8, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ ان کا پیغام ایک بار پھر تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ارسال کردیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ کسی رہائشی گلی کو بند یا سیل نہ کیا جائے اور سیکیورٹی انتظامات کے نام پر رہائشیوں کی نقل و حرکت پر کسی قسم کی پابندی عائد نہ کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیکیورٹی انتظامات خفیہ اور غیر محسوس انداز میں کیے جائیں تاکہ عام شہریوں کو کسی قسم کی زحمت، خلل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مریم نواز نے ہدایت کی کہ ان احکامات پر اصل روح اور مکمل مفہوم کے مطابق عمل درآمد یقینی بنایا جائے، خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔