کراچی کے ایک ریسٹورنٹ میں روبوٹ ویٹریسزکے چرچے
منفرد تجربہ شہریوں کے لیے دلچسپی کاسبب بن رہا ہے
تصویر: سوشل میڈیا
کراچی کےایک ریسٹورنٹ میں روبوٹ ویٹریسز نے کام شروع کردیا، منفرد انداز میں کھانا پیش کرنے کی صلاحیت نے شہریوں، خصوصاً بچوں اور خاندانوں کو اپنی جانب متوجہ کرلیا۔
پاکستان میں روبوٹک ٹیکنالوجی کا یہ منفرد تجربہ شہریوں کے لیے دلچسپی کاسبب بن رہا ہے۔روبوٹ ویٹریسزکی وجہ سے گاہکوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے حتیٰ کہ بعض لوگ تو ان روبوٹس کو دیکھنے کے لیے دور دراز علاقوں سے بھی آ رہے ہیں۔عملے کی ایک رکن کا کہناہے کہ ہمارے کاروبار میں اضافہ ہوا ہے۔ لوگ اس کے لیے دور دور سے آ رہے ہیں۔ انہوں نے یہاں پہلی بار کوئی روبوٹ دیکھا ہے۔
روبوٹس ’روبیا‘ اور ’جوجو انجینیئر سید اسامہ عزیز کی تخلیق ہیں وہ اس ریسٹورنٹ کے بانی بھی ہیںجہاں روبوٹ ویٹرز کام کررہے ہیں۔
دونوں روبوٹس کے سر سفید اور گول ہیں، ان کے چہروں پر موٹر سائیکل کے ہیلمٹ سے مشابہ گہرے رنگ کے ویزر نصب ہیں۔ ان کی گردنوں کے گرد سیاہ رنگ کی شالیں بھی ڈالی گئی ہیں، جو پاکستانی خواتین کے روایتی دوپٹے سے مشابہت رکھتی ہیں۔
ویٹریس ’روبیا‘ جب صارفین کی میز پر پہنچتی ہے تو الیکٹرانک آواز میں اپنا تعارف کراتے ہوئے کہتی ہے، ’ خوش آمدید، میرا نام روبیا ہے۔‘ اس دوران اس کی سرخ ایل ای ڈی آنکھیں مسلسل روشن اور مدھم ہوتی رہتی ہیں۔
’روبیا‘ اور ’جوجو‘ ریسٹورنٹ میں کھانا لے کر صارفین کی میزوں تک پہنچ جاتے ہیں، تاہم فی الحال ان کی خدمات مکمل طور پر خودکار نہیں ۔روبوٹ کی ٹرے پر موجود کھانا صارفین کو خود اٹھانا پڑتا ہے یا پھر ریسٹورنٹ کا کوئی انسانی ملازم ان کی مدد کرتا ہے۔اس کے باوجود روبوٹس کا میزوں تک پہنچنا، اپنا تعارف کرانا اور صارفین کو دستیاب کھانوں کے بارے میں بتانا لوگوں کے لیے خاصا دلچسپ تجربہ ثابت ہو رہا ہے۔
بین الاقوامی میڈیاکے مطابق ،اگرچہ عالمی سطح پر امریکہ، چین اور دیگر مقامات پر چست انسان نما مشینوں کے بارے میں جوش اور گفتگو بڑھ رہی ہیں لیکن جنوبی ایشیائی ملک میں روبوٹک عملہ ایک نایاب منظر ہے۔