یوم اقبال پر13ہزار انعام کے سوشل میڈیا پیغامات سراسرجعلی قرار۔این سی سی آئی اے کاالرٹ
عوام کسی بھی غیر مصدقہ یا مشکوک لنک پر ہرگز کلک نہ کریں
این سی سی آئی اے کارروائی، غیر ملکیوں سمیت 100 افرادگرفتار
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے یومِ اقبال پر وزیراعظم پاکستان کی جانب سے تیرہ ہزارروپے نقد انعام دینے کے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے تمام پیغامات کو سراسر جعلی قرار دیتے ہوئے شہریوں کے لیے اہم الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ایجنسی کے ترجمان کا کہناہے کہ جعل ساز عناصر مشکوک لنکس اور فریب پر مبنی پیغامات کے ذریعے معصوم شہریوں کی ذاتی، نجی اور مالیاتی معلومات (جیسے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات) چوری کرنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں تاکہ انہیں مالی نقصان سے دوچار کیا جا سکے۔
این سی سی آئی اے نے عوام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی غیر مصدقہ یا مشکوک لنک پر ہرگز کلک نہ کریں اور نہ اپنی قومی شناخت، ذاتی یا بینک اکاؤنٹس سے متعلق کوئی بھی حساس معلومات کسی نامعلوم فرد یا پلیٹ فارم کے ساتھ شیئر کریں۔ حکام نے یہ بھی تاکید کی ہے کہ اس قسم کے جعلی پیغامات کو آگے بڑھانے (فارورڈ کرنے) سے بھی مکمل گریز کیا جائے اور ایسا کوئی بھی پیغام موصول ہونے پر فوری طور پر متعلقہ اداروں کو مطلع کیا جائے۔
ڈی جی این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی نےشہریوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ کسی بھی قسم کے سائبر جرم یا فراڈ کی صورت میں فوراً این سی سی آئی اے کی مخصوص ہیلپ لائن 1799 پر رابطہ کریں یا اپنے قریبی این سی سی آئی اے سرکل کے دفتر میں باضابطہ شکایت درج کرائیں۔