وفاقی وزیر حنیف عباسی کا ریلوے آمدن 160 ارب روپے تک بڑھانے کا اعلان
اہم ہدف، مسائل کے حل کی ڈیڈ لائن، تمام افسران فیلڈ میں ہوں گے
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر نئی کوچز کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے رواں سال پاکستان ریلوے کی آمدن 160 ارب روپے تک پہنچانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریلوے کے مسائل حل کرنے کے لیے 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی گئی ہے، اس دوران چھٹیاں بند ہوں گی اور تمام افسران و عملہ فیلڈ میں موجود رہیں گے۔
راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر عوام ایکسپریس کی 11 نئی کوچز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام ایکسپریس کو اے اے انٹرپرائزز نے نجکاری کے عمل میں حاصل کیا ہے اور اب اس کی نئی تزئین و آرائش مکمل کر لی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق ٹرینیں نجی شعبے کے حوالے کی جا رہی ہیں جبکہ ریلوے کی آمدن 88 ارب روپے سے بڑھ کر 115 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔
دستاویز کے مطابق ریلوے ملازمین کی تنخواہیں باقاعدہ کر دی گئی ہیں جبکہ 60 ریلوے اسٹیشنوں پر مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔ پندرہ سال سے بند لاہور ریلوے ورکشاپ اور 2008 سے بند انجنوں اور پہیوں کی مرمت کرنے والی پانچوں ورکشاپس دوبارہ فعال کر دی گئی ہیں۔ وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ 40 ٹرینوں میں سے 20 میں مکمل بریکیں موجود نہیں ہیں، تاہم تمام مسائل 31 دسمبر تک حل کر لیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے ریلوے کے لیے 10 ارب روپے کا پیکج دیا ہے جبکہ لاہور اور راولپنڈی ریلوے اسٹیشنوں کو وکٹورین طرز پر بحال کرنے کے لیے بھی فنڈز فراہم کیے گئے ہیں۔ ریلوے اسپتال نجی شعبے کے حوالے کیا جا رہا ہے تاہم ملازمین کو علاج کی مفت سہولت فراہم کی جاتی رہے گی۔ مسافروں کو معیاری کھانا اور بہتر ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کا عمل بھی جاری ہے۔