کراچی: غیرملکی عملے کی دستاویزات میں بے ضابطگیاں، شپنگ ایجنسی پر 35 لاکھ روپے جرمانہ عائد

جہاز کے 33 رکنی عملے میں شامل سات غیرملکی کیٹرنگ ملازمین کی دستاویزات میں خامیاں سامنے آگئیں

November 9, 2026 · قومی

غیرملکی عملے کی دستاویزات میں بے ضابطگیاں، شپنگ ایجنسی پر 35 لاکھ روپے جرمانہ عائد

کراچی پورٹ پر لنگر انداز بحری جہاز کے غیرملکی عملے کی دستاویزات میں سنگین بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، جس پر ایف آئی اے امیگریشن نے متعلقہ شپنگ ایجنسی پر 35 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق بحری جہاز CS MARAM ابوظہبی کے پرچم تلے صلالہ سے کراچی پہنچا تھا اور کیبل بچھانے و مرمت کے منصوبے کے سلسلے میں تقریباً دو ماہ سے کراچی میں موجود ہے۔

کراچی پورٹ کے ویسٹ وارف، برتھ نمبر 25 پر جہاز کی امیگریشن جانچ پڑتال کے دوران 33 رکنی عملے میں شامل 7 غیرملکی کیٹرنگ ملازمین کی دستاویزات میں سنگین خامیاں سامنے آئیں۔ ان میں 4 نیپالی، ایک بنگلہ دیشی اور 2 ملاوی شہری شامل ہیں، جو کک، اسسٹنٹ کک اور اسٹیورڈز کے طور پر کام کر رہے تھے۔

ایف آئی اے کے مطابق جانچ پڑتال میں انکشاف ہوا کہ مذکورہ عملے کے ارکان کے پاس نیشنل سی مین بک، فلیگ سی مین بک اور دیگر لازمی بحری دستاویزات موجود نہیں تھیں۔ ان کے پاس ٹریننگ سرٹیفکیٹس، فلیگ اینڈورسمنٹس، سرٹیفکیٹ آف کمپیٹینسی، سرٹیفکیٹ آف پروفیشنسی اور واچ کیپنگ سرٹیفکیٹس بھی دستیاب نہیں تھے۔

مزید جانچ پڑتال کے دوران بعض ملازمین کے پاس برونڈی، پلاؤ اور سینٹ کٹس اینڈ نیوس کی سی مین بکس بھی پائی گئیں۔ عملے کے ارکان نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ پیشہ ور ملاح نہیں بلکہ جہاز پر کیٹرنگ اور مہمان نوازی کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں اور دستاویزات کمپنی کی جانب سے فراہم کی گئی تھیں۔

ترجمان کے مطابق جہاز کے کپتان نے دستاویزات میں بے ضابطگیوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے معذرت کی، جس کے بعد متعلقہ شپنگ ایجنسی شراف شپنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کو 35 لاکھ روپے جرمانے کا نوٹس جاری کردیا گیا۔

شپنگ ایجنٹ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جرمانے کی رقم رواں ہفتے قومی خزانے میں جمع کرادی جائے گی اور ادائیگی شدہ چالان کی نقل امیگریشن آفس میں بھی جمع کرائی جائے گی۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ادارہ امیگریشن قوانین اور ضابطوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے مؤثر نگرانی اور جانچ پڑتال جاری رکھے ہوئے ہے۔