مرنے والوں کے لواحقین کو دھمکیاں دینے پر ایک اور مقدمہ درج

مقتول محمد ریحان کے بہنوئی ابوبکر کی درخواست پر تھانہ صدر ڈسکہ میں مقدمہ درج، پولیس کی کارروائی

November 9, 2026 · قومی

مرنے والوں کے لواحقین کو دھمکیاں دینے پر مسٹر پتلو کیخلاف ایک اور مقدمہ درج

ڈسکہ میں فراز گراؤنڈ سانحہ میں جاں بحق ہونے والے محمد ریحان کے اہل خانہ کو سابقہ مقدمے میں صلح کرنے اور ملزمان کے حق میں بیان دینے کے لیے مبینہ طور پر دھمکیاں دینے کے الزام میں تھانہ صدر ڈسکہ پولیس نے مرکزی ملزم محمد انصر عرف مسٹر پتلو کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق مقتول محمد ریحان کے بہنوئی ابوبکر ولد سیف اللہ نے تھانہ صدر ڈسکہ میں درخواست دائر کی کہ ملزم محمد انصر عرف مسٹر پتلو کے ایما پر مسلح افراد نے متاثرہ خاندان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔

درخواست گزار کے مطابق دھمکیوں کا مقصد فراز گراؤنڈ سانحہ کے سابقہ مقدمہ نمبر 1335/26 میں صلح کروانا اور متاثرہ خاندان سے ملزمان کے حق میں بیان دلوانا تھا۔

درخواست پر تھانہ صدر ڈسکہ پولیس نے مقدمہ نمبر 1026/26 بجرم دفعات 506-B، 348، 109 اور 149 تعزیراتِ پاکستان درج کرکے کارروائی عمل میں لائی اور مرکزی ملزم محمد انصر عرف مسٹر پتلو کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق مقدمے کی تفتیش میرٹ پر مکمل کرتے ہوئے قانون و انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔