قاسم ہاشمی سے کچھ برآمد نہیں ہوا تو مزید حراست کیوں؟ جاوید ہاشمی کے این سی سی آئی اے کی تفتیش پر سوالات

پی ٹی آئی رہنما نے بیٹے کے 11 روزہ ریمانڈ پر اعتراض اٹھا دیا، مزید ڈیٹا کی ضرورت اور پولیس کے مؤقف پر وضاحت طلب

November 9, 2026 · قومی

قاسم ہاشمی سے کچھ برآمد نہیں ہوا تو مزید حراست کیوں؟ جاوید ہاشمی کے این سی سی آئی اے کی تفتیش پر سوالات

ملتان: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جاوید ہاشمی نے اپنے بیٹے قاسم ہاشمی کی حراست اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی تفتیش پر سوالات اٹھا دیے۔

جاوید ہاشمی کے مطابق ان کے بیٹے قاسم ہاشمی کو آج ملتان ڈسٹرکٹ کورٹ میں ریمانڈ کے لیے پیش کیا گیا، جہاں پولیس نے مزید ریمانڈ کی درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ تفتیش کے لیے ابھی مزید ڈیٹا درکار ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں جاوید ہاشمی نے بتایا کہ قاسم ہاشمی گزشتہ 11 روز سے این سی سی آئی اے کی حراست میں ہیں، جبکہ ان کا موبائل فون بھی گزشتہ 11 روز سے ادارے کی تحویل میں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ قاسم ہاشمی کے گھر کے تمام موبائل فونز اور دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز بھی پولیس کے قبضے میں ہیں۔

جاوید ہاشمی نے سوال اٹھایا کہ جب قاسم ہاشمی، ان کے زیرِ استعمال موبائل فون اور گھر کی دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز پہلے ہی تحویل میں ہیں تو مزید کس ڈیٹا کی ضرورت باقی رہ جاتی ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ عدالت میں پولیس نے خود بیان دیا کہ قاسم ہاشمی یا ان کے موبائل فون سے تاحال کوئی چیز برآمد نہیں ہوسکی۔

جاوید ہاشمی نے مزید کہا کہ سب سے اہم سوال یہ ہے کہ اگر 11 روزہ حراست اور تمام الیکٹرانک ڈیوائسز تحویل میں لینے کے باوجود پولیس کچھ ثابت نہیں کرسکی تو اس کے بعد بھی قاسم ہاشمی پر کوئی مزید الزام لگایا جاتا ہے تو اس کی بنیاد اور وجہ کیا ہے، یہ آپ سب جانتے ہیں۔