لنڈی کوتل میں پراسرار بیماری سے ایک ہی خاندان کے چار بچے جاں بحق، دو زیرِ علاج بچوں کی حالت مستحکم

بازار ذخہ خیل میں بچوں کو اچانک جھٹکے آنے کے بعد اموات، طبی ٹیم تشکیل دینے اور مزید تحقیقات کا فیصلہ

November 9, 2026 · قومی

لنڈی کوتل میں پراسرار بیماری سے ایک ہی خاندان کے چار بچے جاں بحق، دو زیرِ علاج بچوں کی حالت مستحکم

ضلع خیبر کے دور افتادہ علاقے بازار ذخہ خیل میں پراسرار بیماری کے باعث ایک ہی خاندان کے چار بچے جاں بحق ہوگئے، جبکہ بے ہوشی کی حالت میں پشاور منتقل کیے جانے والے دو بچوں کی حالت ڈاکٹروں نے مستحکم قرار دے دی ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں کا تعلق بازار ذخہ خیل کے علاقے خوڑ سے تھا۔ جاں بحق بچوں میں دو لڑکے اور دو لڑکیاں شامل ہیں، جن کی شناخت مناول، ماریہ، سلمان اور حفیظ اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق متاثرہ بچوں کو اچانک جھٹکے آنے کی شکایت تھی، جس کے بعد ان کی اموات ہوئیں۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خیبر کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل انعام اللہ وزیر نے جمرود ہسپتال کے ڈی ایم ایس کے ہمراہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس (ایچ ایم سی) پشاور کا دورہ کیا اور زیرِ علاج دونوں بچوں کی عیادت کی۔

ڈاکٹروں کے مطابق دونوں بچوں کی حالت فی الحال مستحکم ہے اور انہیں چوبیس گھنٹے طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

حکام کے مطابق اب تک کیے گئے طبی ٹیسٹوں میں سیرم کیلشیم، سیرم میگنیشیم اور پی ٹی/آئی این آر کی رپورٹس نارمل آئی ہیں، جبکہ ہیموگلوبن 11.7، پلیٹ لیٹس 634 اور ای ایس آر 17 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

بچوں کی بیماری کی وجوہات جاننے کے لیے ڈاکٹروں نے بلڈ کلچر اور بغیر کنٹراسٹ سی ٹی اسکین برین سمیت مزید ٹیسٹ تجویز کیے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق متاثرہ گاؤں کا دورہ کرنے کے لیے میڈیکل ٹیم بھی تشکیل دی جائے گی، جو علاقے میں بچوں کی اموات اور بیماری کے پھیلاؤ کی ممکنہ وجوہات کا جائزہ لے گی۔

تاحال بچوں کی اموات کی اصل وجہ سامنے نہیں آسکی، جبکہ مزید طبی تحقیقات اور ٹیسٹوں کی رپورٹس آنے کے بعد ہی بیماری کی نوعیت کا تعین ممکن ہوگا۔