12 صوبے بنانے میں کوئی حرج نہیں، لسانی اور نسلی بنیادوں پر تقسیم نہیں ہونی چاہیے، خواجہ آصف

وزیر دفاع کی نئے صوبوں کے قیام کی حمایت، انتظامی اختیارات چھوٹے یونٹس کو منتقل کرنے اور وسائل کی منصفانہ تقسیم پر زور

November 9, 2026 · قومی

12 صوبے بنانے میں کوئی حرج نہیں، لسانی اور نسلی بنیادوں پر تقسیم نہیں ہونی چاہیے، خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ملک میں 12 صوبے بنانے کی تجویز ہے تو 12 صوبے بنا دیے جائیں، تاہم ان کی تشکیل لسانی، نسلی یا سیاسی بنیادوں کے بجائے انتظامی بنیادوں پر ہونی چاہیے۔

نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ نئے صوبے بنانے کی تجویز گزشتہ دو ماہ سے زیرِ بحث ہے اور ملک بھر سے اس حوالے سے مختلف آرا سامنے آرہی ہیں۔ اگر 12 صوبوں کی تجویز ہے تو 12 بنا دیں، لیکن یہ زبان، نسل یا سیاسی مفادات کی بنیاد پر نہیں بننے چاہییں۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی کو عوامی خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے زیادہ مؤثر نظامِ حکومت کی ضرورت ہے۔ اقتدار لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور جیسے صوبائی دارالحکومتوں میں مرکوز نہیں رہنا چاہیے بلکہ انتظامی اختیارات چھوٹے یونٹس کو منتقل کیے جانے چاہییں۔

انہوں نے مالی وسائل کی موجودہ تقسیم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مرکز سے منتقل ہونے والے فنڈز صوبائی حکومتوں کی صوابدید پر رہتے ہیں، جبکہ یہ فنڈز بالآخر بلدیاتی اداروں کے لیے ہوتے ہیں، جو خود صوبائی حکام پر منحصر رہتے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہم سیاستدان سارا اختیار خود استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ سیاسی رہنماؤں کو تسلیم کرنا چاہیے کہ اقتدار عوام کی جانب سے سونپی گئی امانت ہے۔

پاکستان کی انتظامی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر دفاع نے یاد دلایا کہ ماضی میں ملک کے صوبوں کو ون یونٹ اسکیم کے تحت ضم کیا گیا تھا، جسے بعد میں ختم کردیا گیا۔

انہوں نے افغانستان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں صوبوں کی تعداد تقریباً 8 یا 10 سے بڑھا کر 30 سے زیادہ کردی گئی ہے۔