پشاور میں تجاوزات کے خلاف آپریشن، انصار الاسلام نے جے یو آئی سیکرٹریٹ کی سیکیورٹی سنبھال لی
مفتی محمود مرکز کے اطراف ممکنہ کارروائی کی اطلاعات، جے یو آئی رہنماؤں کی بھی مرکز میں موجودگی، رضاکاروں نے حصار قائم کرلیا
پشاور میں تجاوزات کے خلاف آپریشن، انصار الاسلام نے جے یو آئی سیکرٹریٹ کی سیکیورٹی سنبھال لی
پشاور: رنگ روڈ پشاور پر جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے صوبائی سیکرٹریٹ کے تجاوزات کی زد میں آنے اور اضافی تعمیرات مسمار کیے جانے کی اطلاعات کے بعد تنظیم انصار الاسلام کے رضاکاروں نے سیکرٹریٹ کی سیکیورٹی سنبھال لی ہے۔
اطلاعات کے مطابق جے یو آئی کے رہنما بھی مفتی محمود مرکز میں موجود رہنے لگے ہیں تاکہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتِ حال سے نمٹا جاسکے۔
گورنر راج کے بعد پشاور میں تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیا گیا ہے، جس کے دوران رنگ روڈ پر بھی متعدد تعمیرات مسمار کی گئی ہیں۔ مفتی محمود مرکز کا فرنٹ والا حصہ بھی مبینہ طور پر تجاوزات کی زد میں آنے کی اطلاعات ہیں۔
گزشتہ روز پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جے یو آئی کے اطراف نشانات لگائے گئے تھے، تاہم مفتی محمود مرکز پر کوئی نشانات نہیں لگائے گئے۔
امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ تجاوزات کی زد میں آنے والے حصے کو مسمار کیا جائے گا، جس کے بعد جے یو آئی کی صوبائی قیادت نے مرکز کی سیکیورٹی انصار الاسلام کے رضاکاروں کے حوالے کردی۔
رضاکاروں نے مفتی محمود مرکز کو اپنے حصار میں لے لیا ہے، جبکہ جے یو آئی کے رہنما بھی مرکز میں موجود ہیں۔