بلوچستان کے 17 اضلاع میں یوریا کھاد کی خرید و فروخت پر پابندی مشروط طور پر ختم

کھاد ڈیلرز کو فروخت کا مکمل ریکارڈ رکھنا ہوگا جبکہ محکمہ زراعت کے افسران کھاد کے ذخیرے اور نقل و حرکت کی نگرانی کریں گے ،نوٹیفکیشن

November 9, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کوئٹہ: بلوچستان کے 17 اضلاع میں یوریا کھاد کی خرید و فروخت پر عائد پابندی مشروط طور پر اٹھا لی گئی ہے۔ محکمہ زراعت کے مطابق ان اضلاع میں کھاد کی فروخت مقررہ ضابطوں اور طریقۂ کار کے تحت ہی کی جا سکے گی۔

یوریا کھاد کی خرید و فروخت پر پابندی رواں سال اگست میں عائد کی گئی تھی۔ محکمہ زراعت کے مطابق اس کی وجہ کھاد کا دھماکہ خیز مواد کے طور پر استعمال ہونا تھا، جس کے باعث کاشتکاروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور بعض علاقوں میں احتجاج بھی ہوا۔

محکمہ زراعت کے ڈائریکٹر جنرل توسیع کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حب، جعفرآباد، صحبت پور، اوستہ محمد، جھل مگسی، ڈیرہ بگٹی، بارکھان، سبی، کچھی، خضدار، خاران، لورالائی، قلعہ سیف اللہ، کوئٹہ، پشین، قلات اور پنجگور میں مشروط خرید و فروخت کی اجازت دی گئی ہے۔ نصیرآباد اور لسبیلہ میں اس پابندی کے خاتمے کا ذکر نوٹیفکیشن میں نہیں کیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کھاد ڈیلرز کو فروخت کا مکمل ریکارڈ رکھنا ہوگا جبکہ محکمہ زراعت کے افسران کھاد کے ذخیرے اور نقل و حرکت کی نگرانی کریں گے۔ ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والے ڈیلرز کے خلاف کارروائی اور ان کے لائسنس منسوخ کیے جا سکیں گے۔

خیال رہے کہ بلوچستان کے محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری حمزہ شفقات نے چند روز قبل ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ یوریا کھاد تخریب کاری کے لیے دیسی ساختہ بموں میں استعمال ہوتی رہی ہے۔