کراچی میں اے ٹی ایم فراڈ کرنے والا ملزم گرفتار، کوئٹہ میں بھی کارروائی
علاقہ مکینوں کا تشدد، ملزم پولیس کے حوالے، کروڑوں روپے کا فراڈ بے نقاب
کراچی میں اے ٹی ایم فراڈ کرنے والا ملزم گرفتار، کوئٹہ میں بھی کارروائی
کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں شہریوں نے اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے کے دوران فراڈ کرنے والے ایک مبینہ ملزم کو پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس میں ملزم کو تشدد کا نشانہ بنتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مکینوں کا کہنا تھا کہ ملزم نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا اور اس کی موٹرسائیکل پر نمبر پلیٹ بھی موجود نہیں تھی۔ وہ بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں میں داخل ہو رہا تھا جس کے بعد وہاں موجود شہریوں کے کارڈ پھنسنا شروع ہو گئے۔ ملزم شہری کی مدد کے بہانے مشین میں مداخلت کرکے اکاؤنٹ سے رقم نکال لیتا تھا اور متاثرہ شخص کو اس کی خبر بھی نہیں ہوتی تھی۔ مشتعل ہجوم میں شامل ایک شہری نے دعویٰ کیا کہ اسی شخص نے کچھ عرصہ قبل اس کے ساتھ بھی ایسا ہی فراڈ کیا تھا جسے اس نے فوری طور پر پہچان لیا۔
پولیس کے مطابق ویڈیو میں ملزم نے اپنا نام سلیم بتایا ہے جبکہ اس کے پرس سے مختلف شہریوں کے اے ٹی ایم اور کریڈٹ کارڈز بھی برآمد ہوئے ہیں۔ ایس ایچ او جوہر آباد یوسف مہر نے بتایا کہ مبینہ جعلساز خود کو قانون کا طالب علم ظاہر کر رہا ہے اور شارع فیصل کا رہائشی بتاتا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم پر ڈسٹرکٹ ایسٹ کے تھانے میں مقدمہ بھی درج ہے اور اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ایک اور کارروائی کے دوران اے ٹی ایم فراڈ کی وارداتوں میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جس کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مقدمہ نمبر 163/2026 کے تحت درج کی جانے والی اس کارروائی کے حوالے سے ایس ایچ او این سی سی آئی اے جبار مندوخیل نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم اور اس کے دیگر ساتھی کوئٹہ اور پشین سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں شہریوں کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔ ملزمان پر عوام سے کروڑوں روپے کے فراڈ کا الزام ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملزم کے مفرور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔