ترکیہ کے مغربی شہر ازمیر میں سٹیل فیکٹری میں دھماکا، 17 افراد جاں بحق
آگ اور دھویں کے بادل چھا گئے، 12 سے زائد افراد زخمی، امدادی کارروائیاں جاری
ترکیہ کے مغربی شہر ازمیر میں سٹیل فیکٹری میں دھماکا، 17 افراد جاں بحق
ترکیہ کے مغربی شہر ازمیر میں لوہے اور اسٹیل کی ایک بڑی فیکٹری میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں 17 افراد جاں بحق اور 12 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام اور عینی شاہدین کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد فیکٹری کے ملازم اور معروف حاباس سٹیل پلانٹ کے کارکن تھے، جو ملک کے بڑے اسٹیل پیدا کرنے والے اداروں میں شمار ہوتا ہے۔ حادثے کے بعد سامنے آنے والی فوٹیج اور ویڈیوز میں فیکٹری کے اندر بڑے پیمانے پر آگ اور فضا میں دھوئیں کے گہرے اور بلند بادل اٹھتے ہوئے واضح طور پر دیکھے گئے۔
سرکاری ذرائع اور مقامی گورنر سلیمان البان کے بیان کے مطابق، ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ حادثہ پلانٹ کی الیکٹرک آرک فرنس پر معمول کی دیکھ بھال کے کام کے دوران پیش آیا۔ دھماکا اس وقت ہوا جب ایک متبادل بوائلر کو لے جانے والی کرین اچانک گر گئی، جس کے نتیجے میں اس پر موجود وزنی سامان نیچے موجود دہکتی ہوئی بھٹی میں جا گرا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس سے قریبی زمین لرز اٹھی اور ابتدا میں لوگوں کو شدید زلزلے کا گمان ہوا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور فائر بریگیڈ کا عملہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گیا اور آگ بجھانے کے ساتھ ساتھ امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ انتظامیہ کی طرف سے خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ اب بھی کچھ مزدور اور افراد ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں، جنہیں نکالنے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔