حکومت اور جماعت اسلامی کے مذاکرات کا آخری دور آج ہوگا
مذاکرات کا اجلاس نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی میزبانی میں وزارت خارجہ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوگا۔
حکومت اور جماعت اسلامی کے مذاکرات کا آخری دور آج ہوگا
لاہور: حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان جاری مذاکرات کا حتمی دور آج ہوگا۔ جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اجلاس میں عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے اقدامات پر بات چیت کی جائے گی۔
لیاقت بلوچ کے مطابق مذاکرات کا اجلاس نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی میزبانی میں وزارت خارجہ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوگا۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی میں کمی یا خاتمہ کیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ مہنگا تیل، بجلی اور گیس جبکہ بھاری ٹیکسوں کا بوجھ عوام کے لیے ناقابل برداشت ہو چکا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری اداروں میں بدعنوانی ملکی معیشت کے لیے بڑا مسئلہ بن چکی ہے۔ تیل پر لیوی ختم کرنے اور گیس کی درآمد سے جڑے مافیاز کا خاتمہ کرنے سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ مل سکتا ہے۔
نائب امیر جماعت اسلامی نے امید ظاہر کی کہ عوام کو ریلیف دلانے کے لیے ان کی جماعت کی کوششیں کامیاب ہوں گی۔