علامہ اقبال کے یوم ولادت پر واشنگٹن میں خصوصی تقریب
تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے رہنماؤں، صحافیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
علامہ اقبال کے یوم ولادت پر واشنگٹن میں خصوصی تقریب
واشنگٹن: شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت کے موقع پر واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارت خانے کے زیر اہتمام خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی کے رہنماؤں، صحافیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ علامہ اقبال کی فکر انگیز شاعری نے پاکستان کی قومی تاریخ اور شناخت پر گہرے نقوش چھوڑے ہیں۔ ہماری قومی زندگی کی فکری بنیاد اقبال کے افکار سے جڑی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری اور تصانیف کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، خود مختاری اور اپنے فیصلے خود کرنے کا شعور اجاگر کیا۔ ان کا تصورِ شاہین آج بھی نوجوانوں کو جرأت، بلند حوصلے اور کامیابی کے لیے مسلسل جدوجہد کا پیغام دیتا ہے۔
پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ اقبال نے اپنی نظم اور نثر کے ذریعے ایسی قوم کو بیدار کرنے کی کوشش کی جو نوآبادیاتی نظام کے باعث فکری اور ذہنی پابندیوں میں جکڑی ہوئی تھی۔
تقریب کے دوران مقررین اور شعراء نے علامہ اقبال کی خدمات اور فکری ورثے کو خراج تحسین پیش کیا۔