ملک کے بالائی علاقوں میں 14 نومبر تک بارش،تیز ہواؤں اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی

مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل،خیبر پختونخوا، پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان متاثر ہوں گے

November 10, 2026 · قومی

بالائی علاقوں میں 14 نومبر تک بارش، تیز ہواؤں اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں آئندہ 2 سے 3 روز کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک کمزور سلسلہ 10 نومبر کی شام ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جو 12 نومبر کو شدت اختیار کرسکتا ہے اور بالائی علاقوں میں 14 نومبر کی صبح تک برقرار رہنے کی توقع ہے۔

خیبر پختونخوا

10 نومبر کی شام اور رات سے 14 نومبر کی صبح تک دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، مہمند، کوہاٹ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر، اورکزئی، کرم، ہنگو، لکی مروت، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ چند مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے، جبکہ پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

پنجاب اور اسلام آباد

آج رات اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، میانوالی، خوشاب، بھکر، سرگودھا، مری اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

12 اور 13 نومبر کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب اور سرگودھا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے مزید بارش متوقع ہے۔

12 نومبر کو ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر اور ملتان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان

10 سے 14 نومبر کی دوپہر تک کشمیر کی وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

اسی دوران گلگت بلتستان کے اضلاع دیامر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

بلوچستان

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم 11 نومبر کی رات اور 12 نومبر کو ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، کوئٹہ، زیارت، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، قلات اور خضدار میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

سندھ

آئندہ چند روز کے دوران سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔

ممکنہ اثرات اور احتیاطی تدابیر

محکمہ موسمیات نے کسانوں کو موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

موسمی پیشگوئی کے مطابق بلند پہاڑی علاقوں اور گلیشیئرز پر ہلکی برفباری کا امکان ہے، جبکہ موسمی سلسلے کے بعد میدانی علاقوں میں چند مقامات پر دھند چھا سکتی ہے۔

اس دوران دن کے درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ کمی متوقع ہے۔