نادرا کا مقتول افسر اگلے ماہ دُلہا بننے والا تھا
حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد شاہ کا فوری آپریشن کیوں نہیں نہیں کیا گیا؟ انکوائری کمیٹی قائم
فائل فوٹو
محمد قاسم :
تھا نہ حیات آباد کی حدود میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا فہد شاہ کا قتل ہائی پروفائل قتل کیس پولیس کیلیے ایک چیلنج بن گیا ہے۔ مقتول کو بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکلوں پر سوار نامعلوم نقاب پوشوں کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
پولیس نے قتل کیس کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ بھی تیار کر لی۔ حیات آباد پولیس کو حمزہ ولد شاہ روم سکنہ کا فورڈھیری نے بتایا کہ اس کا 30 سالہ بھائی فہد خان اپنی گاڑی میں نادرا آفس واقع حیات آباد فیز 5 گیا تھا۔اس دوران اس نے گاڑی آفس کے باہر کھڑی کی اور یو نہی دفتر جارہا تھا، نادرا آفس کے مین گیٹ کے قریب 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 نامعلوم افراد نے انہیں گولیاں ماریں وہ بعد ازاں اسپتال میں دم توڑ گیا۔
انہوں نے پولیس کو بتایا کہ معلوم نہیں کہ فہد کو کس نے اور کیوں نشانہ بنایا ہے۔ جبکہ مقتول فہد کے ورثا اور ایم این اے نور عالم خان نے بتایا کہ مقتول 8 سال قبل نادرا میں بھرتی ہوا تھا اور حیات آباد جیسے علاقے میں دن دیہاڑے سرکاری افسر کو نشانہ بنایا گیا۔ بغیر نمبر پلیٹ مسلح افراد کیسے اس علاقے میں داخل ہوئے؟
انہوں نے بتایا کہ علاقے میں ہر شخص کی چیکنگ کی جاتی ہے پھر مسلح نقاب پوش افراد کیسے داخل ہوئے۔ پولیس کادعویٰ ہے کہ ہو سکتا ہے کہ انہیں سابقہ دشمنی پر قتل کیا گیا ہو۔ تاہم اگر وہ سابقہ دشمنی پر قتل ہوئے ہیں تو اب تک ملزمان بے نقاب کیوں نہیں ہوئے؟
ادھر کا فورڈھیری میں تدفین کے بعد تیسرے روز بھی سیاسی و دیگر شخصیات اور عام لوگوں کا تانتا بندھا رہا۔ جبکہ پولیس حکام کا موقف ہے کہ تحقیقاتی ٹیموں نے سیف سٹی کیمروں سمیت دیگر مقامات پر لگے کئی کیمروں کی چھان بین کی ہے اور مقتول کے موبائل ڈیٹا سمیت جیو فینسنگ پر بھی کام کر رہے ہیں اور جلد ملزموں کی شناخت کر لی جائے گی۔
واضح رہے کہ مقتول فہد کی اگلے ماہ سے شادی کی تقریبات شروع ہونے والی تھیں جس کیلئے تیاریاں جاری تھیں۔ مقتول کے بھائی کا کہنا تھا کہ وہ فہد کی نکاح تقریبات کی تیاری کر رہے تھے جو 5 دسمبر سے شروع ہونے والی تھیں اور وہ سب اس کی شادی کیلئے انتہائی پر جوش تھے۔ تاہم اس کے قتل سے ان کے گھر میں ماتم کا سماں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مقتول کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی بھی نہیں تھی۔ گولیاں لگنے کے بعد اس کے آخری الفاظ یہی تھے کہ آخر اس پر کس نے فائرنگ کی ہے؟جبکہ ذرائع کا ورثا کے حوالے سے کہنا ہے کہ اسپتال میں فوری آپریشن سے فہد کی جان بچ سکتی تھی، لیکن انہیں فوری طور پر آپریٹ نہیں کیا گیا
۔ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں مبینہ طور پر بروقت طبی امداد نہ ملنے کی شکایت پر محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کمیٹی قائم کردی ہے جسے2 روز کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ صحت کے اعلامیہ کے مطابق زخمی کو 6 نومبر کی صبح حیات آباد میڈیکل کمپلیکس لایا گیا تھا۔ انکوائری کمیٹی زخمی کی اسپتال آمد سے ایمرجنسی سرجری تک طبی عملے کے ردعمل اور فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لے گی۔
اس سلسلے میں ڈیوٹی روسٹرز اور بائیو میٹرک حاضری کی مدد سے متعلقہ عملے کی موجودگی کی تصدیق کی جائے گی۔ جبکہ ایمرجنسی آپریشن تھیٹر، آن کال سرجن وغیرہ کی بروقت دستیابی بھی جانچی جائے گی۔
محکمہ صحت کے مطابق انکوائری میں کسی قسم کی غفلت، غیر حاضری یا تاخیر کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا اور ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی سفارش کی جائے گی۔
واضح رہے کہ حیات آباد میں نادرا آفس کے باہر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد کو قتل دیا تھا۔ مقتول ایم این اے نورعالم خان کے بھانجے، سابق تحصیل چیئرمین متھرا فریداللہ خان (مرحوم) کے بھتیجے اور شاروم خان آف کافورڈھیری کے بیٹے ہیں۔ نامعلوم ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے 8 خالی خول برآمد ہوئے ہیں، جنہیں قبضے میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔
پولیس جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں بھی واقعہ کی تحقیقات کررہی ہے۔ جبکہ نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد خان قتل کیس کا مقدمہ تھانہ حیات آباد میں درج کیاگیا ہے۔ پولیس کے مطابق ایف آئی آر مقتول کے بھائی کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کی گئی ہے۔
دوسری جانب پشاور میں نادرا دفاتر کے باہر مذکورہ واقعہ کے بعد سیکورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور پولیس اہلکار دفاتر کے باہر بھی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دینے لگے ہیں۔ جبکہ سیکورٹی عملے کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نادرا دفاتر کے علاوہ پشاور میں دیگر سرکاری دفاتر کے باہر بھی سیکورٹی کے موثر ترین انتظامات کئے گئے ہیں اور خاص کر پشاور شہر میں پولیس ناکوں پر موجود اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکل و گاڑیوں کی مکمل جانچ پڑتال اور تلاشی لی جائے۔