امریکا کا سکھ رہنما کے قتل کی سازش پر بھارتی حکومت کو عدالتی نوٹس جاری

سفارتی مراسلہ ارسال، 8 دسمبر تک جواب طلب، نفاذ کا عمل جاری۔

November 10, 2026 · بام دنیا

سکھ رہنما کے قتل کی سازش پر امریکا کا بھارتی حکومت کو عدالتی نوٹس، سمن جاری

واشنگٹن: امریکا نے سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش کے معاملے پر بھارتی حکومت کو سفارتی مراسلے کے ذریعے عدالتی نوٹس اور سمن جاری کردیے ہیں۔

بھارتی جریدے ’’دی ہندو‘‘ میں شائع امریکی محکمہ خارجہ کے نوٹس کے مطابق امریکی عدالت نے بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کو سرحد پار بھارتی ریاستی دہشت گردی کے معاملے پر نوٹس جاری کیا ہے۔ نیویارک کی عدالت کی درخواست پر خالصتان رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش کے مقدمے کی دستاویزات بھی بھارتی حکومت کو پہنچا دی گئی ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ نے بتایا کہ سفارتی مراسلے کے ذریعے بھارتی سفارت خانے کو سمن اور عدالتی نوٹس 9 اکتوبر 2026 کو ارسال کیے گئے۔

بھارتی جریدے کی رپورٹ کے مطابق ستمبر 2024 میں گرپتونت سنگھ پنوں نے بھارتی حکومت، قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول، سابق سربراہ را سمنت گوئل، وکرم یادو، نکھل گپتا اور دیگر افراد کے خلاف امریکی عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا۔

عالمی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق 2023 میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایک ایجنٹ نے بھارتی حکومت کی ہدایت پر بھارتی شہری نکھل گپتا کو گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی ذمہ داری سونپی تھی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ فروری 2026 میں نکھل گپتا نے پنوں کے قتل کی سازش سے متعلق امریکی فوجداری مقدمے میں تینوں الزامات تسلیم کرلیے تھے۔

یاد رہے کہ ستمبر 2023 میں کینیڈا کے اس وقت کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو بھی سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارتی حکومتی ایجنٹوں کے ملوث ہونے کا اعلان کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر بھی متعدد بار یہ مؤقف اختیار کرچکے ہیں کہ بھارت دنیا میں دہشت گردی کی سرگرمیوں کی سرپرستی، انٹیلی جنس، مالی معاونت اور سہولت کاری کررہا ہے، جبکہ ان کے مطابق اجیت دوول اس دہشت گردی کے چیف آرکیٹیکٹ ہیں۔