پشاومیں کارڈیو ویسکولر ریسرچ پر پہلی انٹرنیشنل کانفرنس
برطانیہ، بھارت اور دیگر ممالک کے ممتاز ماہرینِ امراضِ قلب، محققین اور طبی ماہرین کی شرکت
پشاومیں کارڈیو ویسکولر ریسرچ پر پہلی انٹرنیشنل کانفرنس
پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی پہلی انٹرنیشنل ریسرچ کانفرنس 2026 منعقد ہوئی، جس میں پاکستان سمیت برطانیہ، بھارت اور دیگر ممالک کے ممتاز ماہرینِ امراضِ قلب، محققین اور طبی ماہرین نے شرکت کی۔
کانفرنس کا اہتمام پی آئی سی کے ریسرچ شعبہ نے بین الاقوامی تحقیقی اداروں کے اشتراک سے کیا۔ کانفرنس کا مرکزی موضوع محدود وسائل والے ممالک میں امراض قلب کی تحقیق اور بحالی کی سہولیات کو فروغ دینا تھا۔
کانفرنس کے نمایاں بین الاقوامی مقررین میں یونیورسٹی آف گلاسگو کے پروفیسر ڈاکٹر راڈ ٹیلر، بھارت کے معروف ماہرِ قلب پروفیسر ڈاکٹر دیوی پرساد شیٹی، معروف پاکستانی نژاد ہارٹ سرجن پروفیسر ڈاکٹر آصف حسن اور امریکن کالج آف کارڈیالوجی کے سابق صدر ڈاکٹر ولیم اے زوغبی شامل تھے۔
اس موقع پر پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی جانب سے معروف پاکستانی نژاد ہارٹ سرجن پروفیسر ڈاکٹر آصف حسن کو برطانیہ کا باوقار پرائیڈ آف برٹین لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ 2026 حاصل کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور پی آئی سی کی جانب سے بھی انہیں اعزازی شیلڈ اور وزٹنگ پروفیسر کا سرٹیفیکیٹ پیش کی گئیں۔ ڈاکٹر آصف حسن کو بچوں کے دل کے پیچیدہ امراض کے علاج اور قلبی سرجری کے شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا گیا۔
کانفرنس کے سرپرستِ اعلیٰ، ڈین و چیف ایگزیکٹو پی آئی سی پروفیسر ڈاکٹر سید شاہکار احمد شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ کانفرنس پشاور اور پاکستان کے لیے ایک اہم علمی موقع ہے۔ اس سے بین الاقوامی ماہرین اور مقامی محققین کو ایک پلیٹ فارم پر مل کر کام کرنے، تحقیق کے نئے مواقع پیدا کرنے اور دل کے امراض کے علاج میں جدید پیش رفت سے استفادہ کرنے کا موقع ملا ہے۔
کانفرنس میں کارڈیک ریہیب، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل صحت، طبی آزمائشوں اور پاکستان میں تحقیقی صلاحیتوں کے فروغ پر علمی نشستیں منعقد ہوئیں۔ اختتام پر بہترین تحقیقی مقالے پیش کرنے والے محققین میں اسناد اور اعزازات تقسیم کیے گئے۔