سابق بنگلادیشی کپتان امین الاسلام لاہور قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹرز کے ایڈوائزر مقرر
لاہور قلندرز کا اہم تقرر،امین الاسلام نوجوان کرکٹرز کی تربیت اور جدید کوچنگ میں رہنمائی فراہم کریں گے
سابق بنگلادیشی کپتان امین الاسلام لاہور قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹرز کے ایڈوائزر مقرر
لاہور: لاہور قلندرز نے بنگلادیش کے سابق کپتان امین الاسلام کو لاہور قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹرز کا ایڈوائزر مقرر کردیا ہے۔
لاہور قلندرز کے ترجمان کے مطابق امین الاسلام اپنے ایڈوائزری کردار میں کھلاڑیوں کی تربیت، کوچنگ کے جدید طریقوں اور نوجوان کرکٹرز کو بین الاقوامی سطح تک پہنچانے کے لیے اپنی تجاویز اور تجربہ فراہم کریں گے۔
امین الاسلام کو بین الاقوامی کرکٹ اور کرکٹ ڈویلپمنٹ کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ وہ 2015 سے 2025 تک انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں ایشیا کے کرکٹ ڈویلپمنٹ منیجر رہے، جبکہ ایشین کرکٹ کونسل میں بھی کرکٹ ڈویلپمنٹ آفیسر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
وہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔ بطور کھلاڑی امین الاسلام نے 1988 سے 2002 تک بنگلادیش کی نمائندگی کی۔
لاہور قلندرز کے مطابق امین الاسلام کا تجربہ ہائی پرفارمنس سینٹرز کی بہتری، نوجوان ٹیلنٹ کی تلاش اور پاکستان و بنگلادیش کے درمیان کرکٹ ڈویلپمنٹ کے مواقع بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔