بلغاریہ: شدید دھند کے باعث موٹروے پر خوفناک تصادم ، گاڑیوں میں آگ لگ گئی، 12 افراد ہلاک، 46 زخمی

موٹروے پر جلی ہوئی اور تباہ شدہ کاریں اور وزنی ٹرک ایک دوسرے میں پیوست ، ہر طرف تباہی کے مناظر

November 10, 2026 · بام دنیا
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

صوفیہ: بلغاریہ میں شدید دھند کے باعث دارالحکومت صوفیہ کو مشرقی شہر برگاس سے ملانے والی اے 1 موٹروے پر2 خوفناک حادثات میں متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا نے کے بعد جل کر خاکستر ہو گئیں ۔ ان خونیں حادثات کے نتیجے میں12 افراد ہلاک، 46 زخمی ہو گئے۔

ملک کی وزیر صحت کاتیا ایووکووا کے مطابق 10 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے جبکہ 2 شدید زخمیوں نے ہسپتال منتقل کیے جانے کے دوران راستے میں دم توڑا۔ تمام 46 زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریب واقع ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

مقامی میڈیا پر جاری مناظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چھ لینز پر مشتمل موٹروے پر جلی ہوئی اور تباہ شدہ کاریں اور وزنی ٹرک ایک دوسرے میں پیوست ہیں، جس سے شاہراہ پر تباہی کے شدید مناظر نظر آ رہے ہیں۔

وزارتِ داخلہ کے نمائندے لیوبومیر نیکولوف نے حادثے کے مقام پر صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حادثے کا آغاز موٹروے کے کنارے ایک بس اور ٹرک کی بھیانک ٹکر سے ہوا، جس کے بعد شدید دھند کے باعث نظر نہ آنے کی وجہ سے دیگر گاڑیاں بھی یکے بعد دیگرے ان سے ٹکراتی گئیں اور چند گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔

حادثے کے فوراً بعد پولیس، فائر بریگیڈ اور ایمبولینسز نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور حفاظت کے پیشِ نظر شاہراہ کو دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا۔

بلغاریہ کے وزیر اعظم رومین رادیف نے واقعے کو ایک “عظیم سانحہ” قرار دیتے ہوئے شدید زخمیوں کو فوراً منتقل کرنے کے لیے ایئر امبولینس اور امدادی طیارے روانہ کیے اور خود بھی حادثے کی جگہ کا دورہ کرنے کا اعلان کیا۔

یہ حادثہ یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لین کے دورۂ بلغاریہ کے دوران پیش آیا، جنہوں نے اس المیے کے باعث اپنا دورہ مختصر کر دیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو اہلکاروں کی کوششوں کو سراہا۔