مرکزی مسلم لیگ کا این اے 77 میں مبینہ دھاندلی کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع
چیف الیکشن کمشنر کو باضابطہ درخواست جمع کروا دی ، نوٹیفکیشن روکنے اور دوبارہ گنتی کا مطالبہ
فائل فوٹو
لاہور: پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 میں مبینہ دھاندلی، بوگس ووٹنگ اور انتخابی ریکارڈ میں ردوبدل کے خلاف چیف الیکشن کمشنر کو باضابطہ درخواست جمع کروا دی ہے۔
مرکزی مسلم لیگ نے اپنی درخواست میں الیکشن کمیشن سے این اے 77 کے انتخابی نتائج کی مکمل جانچ پڑتال اور تمام ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا ہے۔ درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ انتخابی عمل کے دوران متعدد پولنگ اسٹیشنز پر بیلٹ پیپرز کی کتابیں غائب کی گئیں اور نتائج میں بدعنوانی کی گئی۔

ترجمان کے مطابق جماعت نے الیکشن کمیشن سے فارم 45 اور فارم 47 سمیت تمام انتخابی ریکارڈ کی مکمل اور شفاف تصدیق کا مطالبہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی استدعا کی گئی ہے کہ جب تک این اے 77 کے نتائج کی مکمل تحقیقات اور جانچ پڑتال کا عمل مکمل نہیں ہو جاتا، تب تک اس حلقے سے کامیاب ہونے والے امیدوار کا نوٹیفکیشن فوری طور پر روکا جائے۔
پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے الیکشن کمیشن سے انتخابی بے ضابطگیوں اور دھاندلی میں ملوث تمام ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔