پاکستان نے ایل این جی کی مہنگی بولیاں مسترد کردیں
پاکستان ایل این جی لمیٹڈ نے دونوں مہینوں کے لیے دو اسپاٹ ایل این جی کارگوز کی خریداری کی خاطر بولیاں طلب کی تھیں
پاکستان نے ایل این جی کی مہنگی بولیاں مسترد کردیں
پاکستان ایل این جی لمیٹڈ نے دونوں مہینوں کے لیے دو اسپاٹ ایل این جی کارگوز کی خریداری کی خاطر بولیاں طلب کی تھیں۔ کمپنی کی دستاویزات کے مطابق دونوں کارگوز کے لیے مجموعی طور پر تین بولیاں موصول ہوئیں۔
بولی دہندگان کو دسمبر میں 14 سے 16 تاریخ اور جنوری میں 9 سے 11 تاریخ کے دوران ایل این جی فراہم کرنا تھی۔
ذرائع کے مطابق دسمبر کے کارگو کے لیے فی ملین برٹش تھرمل یونٹ 27.27 سے 31 ڈالر تک کی قیمتیں پیش کی گئیں، جبکہ جنوری کے کارگو کے لیے صرف ایک بولی موصول ہوئی، جس میں فی ملین برٹش تھرمل یونٹ 27.01 ڈالر طلب کیے گئے۔
دستاویزات کے مطابق دسمبر کے ایل این جی کارگو کی مجموعی قیمت 24 ارب 43 کروڑ سے 27 ارب 77 کروڑ روپے تک بتائی گئی، جبکہ جنوری کے کارگو کے لیے 24 ارب 28 کروڑ روپے کی پیشکش موصول ہوئی۔
حکام نے مہنگی بولیوں کو قبول نہیں کیا، جس کے باعث دونوں مہینوں کے لیے ایل این جی کی خریداری کا معاملہ فی الحال آگے نہیں بڑھ سکا۔