کولکتہ ایئرپورٹ پر ایئر انڈیا کے طیارے کو ہائی جیک کرنے کی دھمکی
ایئر انڈیا کی پرواز اے آئی 772 ممبئی روانہ ہونے کی تیاری کررہی تھی کہ طیارے کے بیت الخلا سے ہاتھ سے لکھی ہوئی ایک دھمکی آمیز تحریر برآمد ہوئی
کولکتہ ایئرپورٹ پر ایئر انڈیا کے طیارے کو ہائی جیک کرنے کی دھمکی
بھارتی میڈیا کے مطابق ایئر انڈیا کی پرواز اے آئی 772 ممبئی روانہ ہونے کی تیاری کررہی تھی کہ طیارے کے بیت الخلا سے ہاتھ سے لکھی ہوئی ایک دھمکی آمیز تحریر برآمد ہوئی۔ تحریر میں صبح 11 بج کر 10 منٹ پر طیارہ ہائی جیک کرنے کی دھمکی دی گئی تھی، جبکہ پرواز کی روانگی کا مقررہ وقت صبح 10 بج کر 20 منٹ تھا۔
دھمکی آمیز تحریر ملنے پر پائلٹ نے فوری طور پر ایئر ٹریفک کنٹرول کو اطلاع دی، جس کے بعد حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے طیارے میں سوار تمام 93 مسافروں اور عملے کے ارکان کو اتار لیا گیا۔
بعد ازاں طیارے کو ہوائی اڈے کے ایک علیحدہ حصے میں منتقل کردیا گیا، جہاں مرکزی صنعتی سیکیورٹی فورس اور دیگر متعلقہ اداروں نے اس کی تلاشی اور جانچ پڑتال شروع کردی۔
حکام دھمکی آمیز تحریر کی اصلیت اور اسے طیارے میں چھوڑنے والے شخص کا سراغ لگانے کیلئے ہوائی اڈے کی نگرانی کے کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے کے وقت تک کسی دھماکا خیز مواد یا مشتبہ شخص کی موجودگی کی اطلاع سامنے نہیں آئی تھی، جبکہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔