غار کی 7 سالہ سختی سے عالمی قیادت تک ، چینی صدرکی زندگی کے پوشیدہ حقائق
دور مشقت میں شیکسپیئر- ٹالسٹائے اور ہیوگو جیسے نامور ادیبوں کی کتابیں پڑھیں-
فائل فوٹو
میگزین رپورٹ :
دورِ حاضر کے کامیاب ترین لیڈرز میں شمار ہونے والے 73 سالہ چینی صدر شی جن پنگ کی نجی زندگی کے حوالے سے دلچسپ اور غیر معمولی حقائق سامنے آئے ہیں۔
چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق 1.4 ارب آبادی کے اس طاقتور ترین رہنما کی عالمی کامیابیوں کے پیچھے کٹھن زندگی کی داستان پوشیدہ ہے۔ انہوں نے اپنی نوجوانی کے 7 برس ایک کچے غار میں گزارے۔ جسے چین کی سیاسی تاریخ میں ’’لیانگ جیاہے کی سات سالہ جدوجہد‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔
1969ء میں جب ان کے والد سیاسی عتاب کا شکار ہوئے تو 15 سالہ شی جن پنگ کو بیجنگ کی آسائشوں سے نکال کر صوبہ شانسی کے انتہائی پسماندہ گاؤں ’لیانگ جیاہے‘ بھیج دیا گیا۔ جہاں انہوں نے سات برس مٹی کے ایک غار (یاؤڈونگ) میں بیجنگ سے بھیجے گئے دیگر نوجوانوں اور مقامی کسانوں کے ساتھ رہائش اختیار کی۔ وہ زمین پر سوئے، کھیتوں میں سخت مشقت کی اور مویشی چرائے۔
غار کی اس کٹھن زندگی نے شی جن پنگ کے اندر اعصابی مضبوطی اور انتظامی قابلیت پیدا کی اور 1974ء میں متعدد بار مسترد ہونے کے بعد بالاآخر انہیں کمیونسٹ پارٹی میں شامل کرلیا گیا۔
گاؤں کے کسانوں نے ان کی سخت محنت اور قیادت کو دیکھتے ہوئے انہیں پارٹی کا مقامی برانچ سیکریٹری بنایا۔ جہاں انہوں نے دیہاتیوں کیلئے میتھین گیس کا پہلا پلانٹ لگایا اور زراعت کو بہتر بنایا۔ اس کارکردگی کی بنیاد پر 1975ء میں انہیں بیجنگ کی نامور ٹیسنگیوا یونیورسٹی میں کیمیکل انجینئرنگ کی تعلیم کیلئے منتخب کیا گیا۔
انہوں نے صوبائی سطح پر کاؤنٹی سیکریٹری سے لے کر گورنر اور نائب صدارت تک چار دہائیوں پر محیط کڑا سفر طے کیا۔ شی جن پنگ کے اقتدار تک پہنچنے کا سفر کٹھن جدوجہد، انتظامی کارکردگی اور کمیونسٹ پارٹی کے اندرونی نظم و ضبط کا ثمر تھا۔ اس طویل عرصے میں انہوں نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس اور مقامی صنعتی ترقی کا لوہا منوایا۔ 2007ء میں پارٹی کے سب سے اہم مرکز شنگھائی میں ایک بڑے مالیاتی اسکینڈل کے بعد جب انٹیگریٹی قائم کرنے کی ضرورت پیش آئی تو پارٹی اشرافیہ نے شی جن پنگ کے بے داغ ریکارڈ پر اتفاق کیا۔
2007ء ہی میں وہ پولیٹ بیورو اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن اور نائب صدر بنے۔ جس کے بعد نومبر 2012ء میں انہیں کمیونسٹ پارٹی کا جنرل سیکریٹری اور مارچ 2013ء میں باقاعدہ چین کا صدر منتخب کرلیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ان کے دورِ اقتدار کا سب سے بڑا تاریخی کارنامہ چین کے 80 کروڑ سے زائد افراد کو شدید ترین غربت سے باہر نکالنا اور 2021ء تک ملک کو مکمل طور پر درمیانے درجے کے خوشحال معاشرے میں تبدیل کرنا ہے۔
انہوں نے ’بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو‘ (BRI) کے ذریعے عالمی انفرااسٹرکچر پر چین کی چھاپ قائم کی۔ ’میڈ ان چائنا 2025‘ کے تحت مصنوعی ذہانت، 5G، الیکٹرک گاڑیوں اور خلائی تحقیق کا عالمی لیڈر بنا دیا اور کرپشن کے خلاف تاریخی مہم چلائی۔ انہوں نے جی ڈی پی کو تقریباً 8.5 ٹریلین ڈالر سے بڑھا کر 15.94 ٹریلین امریکی ڈالر کے دیوہیکل حجم تک پہنچا دیا۔ صدر شی جن پنگ کی شخصیت کا سب سے دلچسپ پہلو ان کا اعلیٰ ادبی و فلسفیانہ ذوق ہے۔
غار میں قیام کے دوران وہ چراغ کی مدہم روشنی میں شیکسپیئر، ٹالسٹائے اور وکٹر ہیوگو جیسے عالمی ادیبوں کی کتابیں پڑھا کرتے تھے اور صرف کتابوں کے حصول کیلئے 30 کلومیٹر پیدل چلتے تھے۔ دنیا انہیں ایک سخت گیر کمیونسٹ رہنما کے طور پر دیکھتی ہے۔ تاہم عالمی سفارتکاروں سے گفتگو کے دوران وہ اکثر قدیم چینی فلسفے اور عالمی ادب کے حوالے دیتے ہیں۔ کیونکہ وہ ہتھیار اٹھائے بغیر جنگ جیتنے کے نکتہ نظر پر یقین رکھتے ہیں۔
دوسری جانب صدر شی جن پنگ بیجنگ میں تاریخی اور جدید سہولیات سے لیس ’ژونگ نان ہائی‘ کمپاؤنڈ میں رہتے ہیں، جو چینی حکومت کا مرکزی ہیڈ کوارٹر ہے۔ ان کی رہائش گاہ، گاڑیاں اور طیارے دنیا کے جدید ترین سیکورٹی اور مواصلاتی نظام سے لیس ہیں۔ تاہم اپنی دیہی زندگی کی عادت کے باعث وہ خواب گاہ میں سوتی کپڑے کے سادے بستر اور روایتی سخت گدوں کے استعمال کو ترجیح دیتے ہیں۔
بیجنگ کے میڈیکل ڈائریکٹوریٹ کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ کی صحت کا راز سخت اور متوازن غذائیت میں پنہاں ہے۔ ان کی روزمرہ خوراک میں نامیاتی سبزیاں، چاول، موٹا اناج، مچھلی اور مرغی شامل ہوتی ہے۔ جبکہ وہ چکنائی، پروسیسڈ غذاؤں اور زیادہ مٹھاس سے سخت پرہیز کرتے ہیں۔ وہ اپنے آبائی صوبے شانسی کے روایتی سادے نوڈلز، بھاپ میں پکی روٹیوں اور سبزیوں کے سوپ کے شوقین ہیں۔ وہ علی الصبح یا شام کے وقت باقاعدگی سے سوئمنگ، پیدل واک اور ہائیکنگ کیلئے وقت نکالتے ہیں۔
انہوں نے نوجوانی میں روایتی چینی مارشل آرٹس (تائی چی اور کنگ فو) کی بنیادی تربیت حاصل کر رکھی ہے۔ واضح رہے کہ چینی صدر شی جن پنگ 15 جون 1953ء کو بیجنگ میں پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق انقلابی اشرافیہ سے ہے۔
ان کے والد شی ژونگ شون چین کے نائب وزیرِ اعظم اور کمیونسٹ انقلاب کے سرکردہ رہنما تھے۔ جن کے آباواجداد کا تعلق صوبہ ہینان سے تھا۔ شی جن پنگ نے 1987ء میں چین کی مشہور لوک فنکارہ پینگ لی یوآن سے شادی کی۔ ان کی ایک بیٹی، شی منگ زے ہے۔ جنہوں نے ہارورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور وہ عوامی منظرنامے سے دور نجی زندگی گزارتی ہیں۔