وزیراعظم شہباز شریف کی ترکیہ میں کوپ 31 اجلاس کے موقع پر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں
مؤثر سفارتی رابطے، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پر گفتگو ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ترکیہ میں کوپ 31 اجلاس کے موقع پر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دورہ ترکیہ کے دوران کوپ 31 (COP31) سربراہی اجلاس میں شرکت کی اور اس موقع پر عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں کیں۔ کانفرنس ہال آمد پر ترک صدر رجب طیب ایردوان اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس کے بعد وزیراعظم نے اجلاس میں شریک عالمی رہنماؤں کے ہمراہ گروپ فوٹو میں بھی شرکت کی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی اس موقع پر سعودی عرب کے وزیر برائے توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان آل سعود، بنگلہ دیش کے وزیر اعظم طارق رحمن اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل اسماعیل اولد شیخ احمد سے ملاقاتیں ہوئیں۔ وزیراعظم کی فلسطین کے وزیراعظم محمد مصطفی سے بھی ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے فلسطینی عوام کے ساتھ حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ فلسطینی وزیراعظم نے عالمی سطح پر فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف مؤثر انداز میں آواز اٹھانے اور فلسطینی مؤقف کی تائید پر پاکستانی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کی خاتون اول امینہ اردوان، شام کے صدر احمد الشرع، سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ عادل بن احمد الجبیر اور ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا سے بھی ملاقاتیں کیں۔ خوشگوار ماحول میں ہونے ان ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ تعلقات کے فروغ، باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو میں اس بات پر خصوصی زور دیا گیا کہ موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی مشکلات کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے۔