ربیعہ احسن قتل کیس،ملزم کا بیان سامنے آگیا،پستول خالی سمجھ کر مذاق میں ٹریگر دبانے کا دعویٰ

میگزین موجود نہ ہونے کے باعث اسے یقین ہوگیا کہ اس میں گولی نہیں ہے۔ اسی خیال کے تحت اس نے مذاق میں پستول ربیعہ احسن کی جانب تان کر ٹریگر دبا دیا، تاہم اچانک فائر ہوگیا۔

November 12, 2026 · قومی
ربیعہ احسن قتل کیس،ملزم کا بیان سامنے آگیا،پستول خالی سمجھ کر مذاق میں ٹریگر دبانے کا دعویٰ

ربیعہ احسن قتل کیس،ملزم کا بیان سامنے آگیا،پستول خالی سمجھ کر مذاق میں ٹریگر دبانے کا دعویٰ

اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کیس کی تحقیقات جاری ہیں اور پولیس ذرائع کے مطابق ملزم احسن طاہر کے ابتدائی بیان اور موبائل فون کے تجزیے سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم اور ربیعہ احسن کے درمیان واٹس ایپ چیٹ کا مکمل ڈیٹا حاصل کرلیا گیا ہے، جس کے ابتدائی جائزے میں میاں بیوی کے درمیان لڑائی جھگڑے یا تلخ کلامی کا کوئی عنصر سامنے نہیں آیا۔

دورانِ تفتیش احسن طاہر نے بتایا کہ اس نے تقریباً چھ ماہ قبل ایک دوست سے غیر قانونی تیس بور پستول حاصل کیا تھا، تاہم اسے اسلحے کے استعمال سے متعلق زیادہ معلومات نہیں تھیں۔ ملزم کے مطابق اس نے پستول اور گولیوں سے بھرا میگزین الگ الگ جگہوں پر رکھے ہوئے تھے۔

ابتدائی تفتیش میں یہ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ چھ ماہ قبل میگزین نکالتے وقت ایک گولی پستول کے چیمبر میں موجود رہ گئی تھی۔

ملزم نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ وقوعے کے روز الماری سے کپڑے نکالتے ہوئے پستول بھی باہر آگیا۔ میگزین موجود نہ ہونے کے باعث اسے یقین ہوگیا کہ اس میں گولی نہیں ہے۔ اسی خیال کے تحت اس نے مذاق میں پستول ربیعہ احسن کی جانب تان کر ٹریگر دبا دیا، تاہم اچانک فائر ہوگیا۔

احسن طاہر کے مطابق گولی ربیعہ کی گردن کے نچلے حصے میں دونوں ہنسلیوں کے درمیان لگی، جس کے نتیجے میں وہ زمین پر گر گئیں اور خون میں لت پت ہوگئیں۔

ملزم کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد اس نے گھبراہٹ میں ریسکیو 1122 کو فون کیا۔ ریسکیو اہلکار پولیس سے پہلے موقع پر پہنچے اور ربیعہ کی سانس بحال کرنے کی کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کے بیان کو حتمی حقیقت تسلیم کرنے کے بجائے جائے وقوعہ سے حاصل ہونے والے شواہد، دیگر بیانات اور واقعاتی حالات کے ساتھ ملا کر جانچا جا رہا ہے تاکہ واقعے کی اصل صورت حال واضح ہوسکے۔