سہیل آفریدی سمیت تین رہنماؤں کی بازیابی کے لیے وفاقی آئینی عدالت میں درخواست

وزارت دفاع، وزارت داخلہ، چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا اور آئی جی خیبرپختونخوا کو فریق بنایا گیا ہے۔

November 12, 2026 · قومی
سہیل آفریدی سمیت تین رہنماؤں کی بازیابی کے لیے وفاقی آئینی عدالت میں درخواست

سہیل آفریدی سمیت تین رہنماؤں کی بازیابی کے لیے وفاقی آئینی عدالت میں درخواست

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، اسپیکر بابر سلیم سواتی اور رکن قومی اسمبلی جنید اکبر کی بازیابی کے لیے وفاقی آئینی عدالت میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔

یہ آئینی درخواست رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 175 اے کی شق 3 کے تحت دائر کی گئی ہے، جس میں وزارت دفاع، وزارت داخلہ، چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا اور آئی جی خیبرپختونخوا کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ تینوں رہنماؤں کی حراست کو غیر قانونی قرار دیا جائے اور عدالت متعلقہ حکام کو انہیں پیش کرنے کا حکم دے۔

درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ حکام تینوں رہنماؤں کے موجودہ مقام اور انہیں حراست میں رکھنے کی وجوہات فوری طور پر ظاہر کریں۔ اس کے علاوہ انہیں وکلا اور اہلخانہ سے ملاقات، طبی سہولیات اور کسی بھی قسم کے تشدد سے تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی جائے۔

درخواست میں یہ مؤقف بھی اپنایا گیا ہے کہ سیاسی بنیادوں پر کی جانے والی کارروائی اختیارات کے ناجائز استعمال اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہے۔

شاندانہ گلزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکلز 232، 234 اور 245 کے تحت کسی شہری کو غیر قانونی طور پر حراست میں رکھنے کا جواز فراہم نہیں ہوتا۔ درخواست کے مطابق گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ کو بنیاد بنا کر بھی شہریوں کے بنیادی حقوق ختم نہیں کیے جاسکتے۔