ربیعہ احسن قتل کیس، ملزم احسن ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد راولپنڈی پہنچ گیا
ملزم کو ڈی این اے اور پولی گرافک ٹیسٹ کے سلسلے میں لاہور منتقل کیا گیا تھا۔
ربیعہ احسن قتل کیس، ملزم احسن ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد راولپنڈی پہنچ گیا
پولیس کے مطابق ملزم احسن کا ڈی این اے ٹیسٹ مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ پولی گرافک ٹیسٹ کے لیے فرانزک سائنس لیبارٹری میں درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔ ملزم چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے اور آج اس کے ریمانڈ کا تیسرا روز ہے۔
تفتیشی حکام نے مقتولہ ربیعہ احسن کے کاروباری روابط کی بھی چھان بین کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کاروباری سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے والا ان کا ایک موبائل فون فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔
پولیس نے قتل سے متعلق سات شواہد کے پارسل بھی فرانزک سائنس لیبارٹری میں جمع کرا دیے ہیں۔ اس کے علاوہ مقتولہ اور ملزم کے زیر استعمال چار موبائل فون بھی فرانزک جانچ کے لیے فراہم کیے گئے ہیں، جن کا ڈیٹا اور گفتگو کا ٹرانسکرپٹ تیار کیا جائے گا۔
پولیس کو امید ہے کہ فرانزک رپورٹس اور موبائل فونز کے ڈیٹا سے قتل کے محرکات اور واقعے سے متعلق مزید اہم معلومات سامنے آ سکیں گی۔