لاہور میں شیرنی کے حملے سے 19 سالہ نوجوان جاں بحق

نوجوان کو فوری طور پر علاج کے لیے نجی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

November 12, 2026 · قومی
لاہور میں شیرنی کے حملے سے 19 سالہ نوجوان جاں بحق

لاہور میں شیرنی کے حملے سے 19 سالہ نوجوان جاں بحق

لاہور میں نجی فارم ہاؤس پر شیرنی کے حملے میں 19 سالہ ملازم طلحہ جان کی بازی ہار گیا، پولیس نے واقعے کی تحقیقات کے بعد فارم مالک اور ٹک ٹاکر نعمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ شیرنی کو وائلڈ لائف حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق نعمان ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے لیے فارم ہاؤس آیا تھا، جہاں اچانک شیرنی قابو سے باہر ہوگئی اور اس نے حملہ کرکے ملازم طلحہ کو شدید زخمی کردیا۔ نوجوان کو فوری طور پر علاج کے لیے نجی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

ابتدائی طور پر واقعے کو کتے کے حملے کا نتیجہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم پولیس کو صورتحال مشکوک محسوس ہوئی تو تحقیقات کے دوران حقیقت سامنے آگئی کہ نوجوان پر شیرنی نے حملہ کیا تھا۔

پولیس نے فارم مالک اور ٹک ٹاکر نعمان کو حراست میں لے لیا ہے۔ حکام کے مطابق واقعے میں غفلت، شیرنی رکھنے کے اجازت نامے اور فارم ہاؤس میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ شیرنی کو بھی فارم ہاؤس سے منتقل کرکے وائلڈ لائف حکام کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔