لیڈی ڈاکٹر کے دعووں کے بعد ایران میں بغیر نکاح سفید شادیوں پر بحث پھر شروع

سوشل میڈیا پر وڈیو میں بچوں کی پیدائش کے 4 واقعات کا ذکر کیا

November 12, 2026 · کائنات کے رنگ
لیڈی ڈاکٹر کے دعووں کے بعد ایران میں بغیر نکاح سفید شادیوں پر بحث پھر شروع

لیڈی ڈاکٹر کے دعووں کے بعد ایران میں بغیر نکاح سفید شادیوں پر بحث پھر شروع

 

تہران میں ایک لیڈی ڈاکٹرکے خلاف مقدمہ دائر کرنے کا اعلان کیا گیاہے۔ ان پر ’’جھوٹ پھیلانے‘‘ کا الزام ہے۔ یہ کارروائی ایک وڈیو بیان کے تناظر میں ہوئی جس میں انہوں نے غیر شادی شدہ ماؤں کے ہاں بچوں کی پیدائش کے بعض واقعات پر بات کی تھی۔خاتون معالج کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی بند کر دیا گیا ہے۔اس اقدام نے بغیر نکاح ’’ سفید شادیوں‘‘ پر بحث پھر شروع کردی ۔

یہ معاملہ ایران میں شادی کے دائرے سے باہر تعلقات، بالخصوص نام نہاد ’’سفید شادی‘‘ کے بارے میں بڑھتی ہوئی بحث کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ یہ اصطلاح مرد اور عورت کے درمیان ایسے مراسم کے لیے استعمال ہوتی ہے جس میں وہ با ضابطہ نکاح یا قانونی اندراج کے بغیر ایک ساتھ رہتے ہیں۔ ایرانی قوانین اس طرزِ تعلق کو تسلیم نہیں کرتے بلکہ اسے غیر قانونی شمار کرتے ہیں۔

ایران کے عدالتی حکام کے میڈیا سینٹر نےبتایا کہ مذکورہ ڈاکٹر سے پوچھ گچھ کی گئی، تاہم وہ اپنے بیانات کی صحت ثابت کرنے کے لیے کوئی دستاویز یا ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہیں۔ اس کے بعد حکام نے ان کے خلاف باقاعدہ الزام عائد کرتے ہوئے مقدمہ دائر کر دیا۔ عدالتی بیان میں ڈاکٹر کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، لیکن ایرانی ذرائع ابلاغ اور انسانی حقوق کی تنظیموں، جن میں ’’ہرانا‘‘ بھی شامل ہے، نے بتایا کہ وہ زہرہ امیری ہیں، جو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر امراضِ نسواں اور حسن و آرائش سے متعلق مواد پوسٹ کرتی ہیں۔

امیری نے ایک وڈیو میں غیر شادی شدہ ماؤں کے ہاں بچوں کی پیدائش کے 4 ایسے واقعات کا ذکر کیا جن کا ان کے مطابق انہوں نے خود معائنہ کیا تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ مشاہدہ 21 مارچ 2001ء سے 20 مارچ 2023ء کے دوران ہوا ۔ امیری کے مطابق ، ان خواتین نے یہ جانتے ہوئے بھی اپنے بچوں کو اپنے پاس رکھنے کا فیصلہ کیا کہ بچوں کے باپ ان کی پرورش میں شریک نہیں ہوں گے اور نہ ان کے ساتھ رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے واقعات بار بار سامنے آنے کے باعث انہوں نے اپنے تجربات اپنے سوشل میڈیا فالوورز کے ساتھ شیئر کیے اور اس سوال پر غور کرنے کی کوشش کی کہ بعض خواتین اپنے بچوں کی تنہا پرورش کرنے کا فیصلہ کیوں کرتی ہیں اور آیا یہ انفرادی فیصلے ہیں یا کسی ایسے سماجی رجحان کی نشاندہی کرتے ہیں جس پر مزید بحث کی ضرورت ہے۔

اس وڈیو پر وسیع رد عمل سامنے آیا اور حکام کے قریبی سمجھے جانے والے متعدد اکاؤنٹس اور صارفین نے تنقید کی۔ بعض نے ڈاکٹر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا، جس کے بعد استغاثہ کے دفتر نے ان کے خلاف عدالتی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا۔

تاہم،عدالتی حکام نے یہ واضح نہیں کیا کہ ڈاکٹر کے بیان کو غلط قرار دینے کے لیے انہوں نے کن شواہد پر انحصار کیا، اور نہ ان وجوہات کی تفصیلات بتائی ہیں جن کی بنا پر ان کے موقف کو مسترد کیا گیا۔دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیم ’’نفس در قفس‘‘ نے کہاہے کہ اس بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں کہ تحقیقات میں کن شواہد کا جائزہ لیا گیا اور ڈاکٹر کو اپنا دفاع کرنے کے لیے کیا طریقہ کار اور سہولتیں فراہم کی گئیں۔

‘سفید شادی (white marriage) کی اصطلاح چند سال قبل ایرانی عوامی حلقوں میں ایک ایسے غیر شادی شدہ جوڑے کے تعلق کو بیان کرنے کے لیے متعارف کرائی گئی تھی جو ایک ہی چھت کے نیچے اکٹھے رہتے ہیں۔

عوامی حلقوں میںسفید شادی کی اصطلاح متعارف کرائے جانے پر شدید اعتراضات اٹھے، خاص طور پر قدامت پسند حلقوں کی جانب سے۔ بہت سے لوگوں نے شکوہ کیا کہ ایک غیر رسمی تعلق کو نہ تو شادی کہا جانا چاہیے اور نہ سفید۔ یہ خیال بھی پیش کیا گیا کہ لفظ شادی کا استعمال جان بوجھ کر کیا گیا ہے اور اس کا مقصد اس جوڑے کو قانونی اور سماجی طور پر قابلِ قبول تاثر دینا ہے۔ بہرحال، یہ اصطلاح جڑ پکڑ چکی ہے۔

محققین اس بات پر متفق ہیں کہ اس رجحان کے پیمانے کے بارے میں ابھی تک کوئی قابلِ اعتماد اعداد و شمار موجود نہیں، اگرچہ یرانی میڈیا میں اس کے بڑھتے ہوئے حوالوں سے یہ تاثر ملتا ہے کہ سفید شادیاں بنیادی طور پر بڑے شہروں اور نوجوانوں میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں۔