پنجاب کے پانچ دریاؤں میں سونا موجود ہونے کے شواہد ملے ہیں،مریم نواز

پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے اور اس کی دولت زمین کے اوپر اور نیچے دونوں جگہ موجود ہے،

November 12, 2026 · قومی
پنجاب کے پانچ دریاؤں میں سونا موجود ہونے کے شواہد ملے ہیں،مریم نواز

پنجاب کے پانچ دریاؤں میں سونا موجود ہونے کے شواہد ملے ہیں،مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے کے پانچوں دریاؤں میں سونے کی وافر مقدار بہنے کے واضح شواہد موجود ہیں، بالخصوص میانوالی اور اٹک کے علاقوں میں سونے کے ذخائر کی نشاندہی ہوئی ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب پانچ دریاؤں کی سرزمین ہے اور ان دریاؤں میں لفظی طور پر سونا بہہ رہا ہے۔ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے اور اس کی دولت زمین کے اوپر اور نیچے دونوں جگہ موجود ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان وسائل کو تلاش کرکے معاشی ترقی میں تبدیل کیا جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے کے محکمہ معدنیات کی آمدن تقریباً ڈھائی سال قبل 10 ارب روپے تھی، جو اب بڑھ کر 40 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔ یہ صرف ابتدا ہے اور معدنی شعبے میں مزید ترقی کی گنجائش موجود ہے۔

مریم نواز نے بتایا کہ چنیوٹ میں لوہے کے تقریباً 26 کروڑ 15 لاکھ ٹن ذخائر موجود ہیں۔ ان کے مطابق پنجاب حکومت معدنی شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو دفتری رکاوٹوں اور غیر ضروری تاخیر سے بچانے کے لیے ون ونڈو سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ حکومت سرمایہ کاروں کے اخراجات کم کرنے کے لیے سرمایہ بھی لگا رہی ہے تاکہ انہیں مہنگی زمین خریدنے پر بھاری رقم خرچ نہ کرنا پڑے۔

وزیراعلیٰ کے مطابق سرمایہ کاروں کو 5 ارب روپے تک رعایتی مالی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ شمسی توانائی کے ذریعے بجلی کی فراہمی کے حل بھی پیش کیے جا رہے ہیں تاکہ توانائی اور ایندھن کے بڑھتے اخراجات کا بوجھ کم کیا جا سکے۔