دریائوں میں سونا کہاں سے آتاہے ، اور کیسے نکالاجاتاہے
مریم نواز کے بیان سےپوشیدہ دولت کی طرف توجہ مبذول
ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، فی تولہ سونا مہنگا ہوگیا
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان منرلز فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے دریاؤں میں سونا بہہ رہا ہے۔ ان کا یہ دعویٰ بالکل درست ثابت ہوتا ہے۔ ہمالیہ اور قراقرم کی چوٹیوں سے ہزاروں سال سے بہنے والے قیمتی معدنی ذخیرے دریائی پانی کے ساتھ آتے ہیں اور دریائے سندھ سمیت مختلف دریاؤں میں جمع ہوتے ہیں۔
ذرائع اور مقامی اطلاعات کے مطابق اٹک کے مقام پر دریائے سندھ سے صرف ایک مشین (ایکسویٹر سیٹ اپ) کے ذریعے ایک دن میں چار سے پانچ لاکھ روپے مالیت کا سونا نکالا جا سکتا ہے اور نکالا جا رہا ہے۔ یہ کام سرکاری سطح پر نہیں ہوتا۔ مقامی اور غیر مقامی افراد اس میں ملوث ہیں۔ انتظامیہ غیر قانونی طور پر سونا نکالنے والوں پر کبھی کبھار چھاپے بھی مارتی ہے مگر بعد میں کام دوبارہ شروع ہو جاتا ہے۔ خیبر پختونخوا میں دریا پر ہیوی مشینری لگا کر یہ کام جاری ہے۔
قراقرم کے دامن میں آباد سونیوال (سونے وال) برادری ہزاروں سال سے بغیر جدید ٹیکنالوجی کے یہ کام کر رہی ہے۔ نیشنل جیوگرافک جریدے کے مطابق گلگت بلتستان میں دریاؤں کے کناروں پر ان خانہ بدوش خاندانوں کے خیمے لگے ہوتے ہیں۔ وہ ایک دھارے سے دوسرے دھارے تک بھٹکتے رہتے ہیں اور سونے کی تلاش میں ریت چھانتے ہیں۔
سونے وال کہتے ہیں کہ ہم دریا کی جیبوں سے سونا نکالنے کے ماہر ہیں۔ اس کام کے لیے دریا کا گہرا مشاہدہ کرنا پڑتا ہے۔ آپ دیکھتے ہیں کہ پانی کیسے بہتا ہے اور ان جگہوں کا انتخاب کرتے ہیں جہاں پانی پرسکون ہو جاتا ہے۔ وہیں سونا تہہ میں بیٹھ جاتا ہے۔
یہ آسان کام نہیں۔ لوہے کے صبّل سے بڑے بڑے پتھر اکھاڑے جاتے ہیں تاکہ نیچے گیلی ریت تک پہنچ سکے۔ دن کے اختتام تک انگلیوں سے خون رسنے لگتا ہے۔ خواتین اور بچے بھی اس مشقت میں حصہ لیتے ہیں۔ ریت کی بوریاں سر پر اٹھا کر لاتے ہیں اور لکڑی کی چھاننی (جھولے) میں ریت ہلا ہلا کر سونے کے وزنی ذرات الگ کرتے ہیں۔
خام سونے کے ایک ننھے سے دانے کو پارے (مرکری) سے صاف کرنے کے بعد اس کی قیمت تقریباً 40 ڈالر بنتی ہے۔ سونیوال برادری کے بیشتر بچے اسکول نہیں جاتے اور وہ نسل در نسل اسی زندگی کو جانتے ہیں۔
دو ہزار سال پہلے یونانی مورخ ہیروڈوٹس نے اس خطے میں سونے کے ذخائر کا ذکر کیا تھا۔ قرون وسطیٰ میں شاہراہ ریشم کے سیاحوں نے بھی قراقرم میں سونے اور یاقوت کی فراوانی بیان کی۔ آج حکومت پاکستان کا اندازہ ہے کہ گلگت بلتستان اور اس خطے میں سونے کے کم از کم گیارہ ایسے ذخائر موجود ہیں جو تجارتی بنیادوں پر منافع بخش ہیں۔
چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت سرمایہ کاری سے صنعتی پیمانے پر کان کنی کو فروغ ملنے کے امکانات ہیں۔ تاہم فی الحال زیادہ تر کام روایتی طریقے سے یا غیر سرکاری طور پر مشینوں کے ذریعے ہو رہا ہے۔
ماہرین کا خیال ہے کہ پاکستان کو اپنے دریاؤں سے سونا نکالنے کو منظم اور قانونی بنانا چاہیے۔ اس کے لیےسرکاری سطح پر سروے اور لائسنسنگ کا نظام،جدید اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کا استعمال،سونیوال برادری کو تربیت دے کر قانونی طور پر شامل کرنا،پارے جیسے زہریلے مادوں کے استعمال پر پابندی اور متبادل طریقے اپنانا،اور
مقامی آبادی کو فائدہ پہنچانے والا شفاف نظام قائم کرناشامل ہے۔
مریم نواز کے بیان نے اس پوشیدہ دولت کی طرف دوبارہ توجہ دلائی ہے۔ اگر اسے منظم طریقے سے قومی خزانے کا حصہ بنایا جائے تو یہ نہ صرف معیشت کو فائدہ پہنچا سکتا ہے بلکہ مقامی کمیونٹیز کی زندگی بھی بہتر بنا سکتا ہے۔ اٹک سے گلگت بلتستان تک دریاؤں میں بہنے والا یہ سنہری ذخیرہ اب بھی ہزاروں سال پرانی روایت کے مطابق نکالا جا رہا ہے — فرق صرف یہ ہے کہ اب مشینیں بھی استعمال ہو رہی ہیں۔