بانی پی ٹی آئی کا فضل الرحمان سے وسیع اتحاد کا پیغام۔ پارلیمانی کمیٹیوں میں واپسی کی تجویز مسترد
صوبائی خودمختاری اور آئینی ترامیم سے متعلق سابقہ مؤقف برقرار رکھنے پر زور
بانی پی ٹی آئی نے پارلیمانی کمیٹیوں میں واپسی کی تجویز مستردکردی،فضل الرحمان سے وسیع اپوزیشن اتحاد کا پیغام
اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے وکلا سے ملاقات کے دوران سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان کے ساتھ وسیع اپوزیشن اتحاد قائم کرنے کا پیغام دیا ہے، جبکہ پارلیمانی کمیٹیوں میں واپسی کی تجویز بھی مسترد کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں بیرسٹر سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ سے ملاقات کے دوران لطیف کھوسہ نے پارلیمانی کمیٹیوں میں واپسی کی تجویز دی، تاہم بانی پی ٹی آئی نے اسے مسترد کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ حکومت اور پارلیمان کے حوالے سے سخت مؤقف اور بائیکاٹ برقرار رہنا چاہیے۔ موجودہ حکومت سے روابط یا تعاون اسے جواز فراہم کرنے کے مترادف ہے۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے دونوں اپوزیشن رہنماؤں پر اعتماد کا اظہار کیا اور فیصلوں کا اختیار محمود اچکزئی اور راجہ ناصر عباس کے پاس ہی رکھنے کی ہدایت کی۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ وسیع تر اپوزیشن اتحاد کے حوالے سے پی ٹی آئی کے بجائے اپوزیشن قائدین فیصلے کریں۔ مولانا فضل الرحمان سے اپوزیشن رہنما بات کریں اور اپوزیشن اتحاد کے ساتھ آگے بڑھیں۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ وسیع اتحاد کا پیغام بھی بھجوایا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ سے متعلق بانی پی ٹی آئی کو شکایت بھی کی گئی۔
ملاقات میں اہلخانہ کی رہائی اور سیاست میں مداخلت کے معاملے پر بھی مشاورت ہوئی۔ بانی پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ ان کی فیملی کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔ وہ اپنی اہلیہ کی رہائی اور علاج کے لیے بھی رضامند تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے صوبوں کے حوالے سے اپنا سابقہ مؤقف دہرایا اور اٹھائیسویں آئینی ترمیم پر بھی چھبیسویں اور ستائیسویں آئینی ترامیم والا مؤقف اپنانے کا پیغام دیا۔
ذرائع کے مطابق لطیف کھوسہ آج محمود اچکزئی اور راجہ ناصر عباس کو اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقات سے متعلق بریفنگ دیں گے۔