نئے صوبے اسی صورت بنیں گے جب سب راضی ہوں گے، ورنہ نہیں بنیں گے، محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ کا عوامی رائے لینے پر زور، کرپشن، آن لائن فراڈ اور اسلام آباد میں قبضوں پر بھی اظہارِ خیال
نئے صوبے اسی صورت بنیں گے جب سب راضی ہوں گے، ورنہ نہیں بنیں گے، محسن نقوی۔۔ فوٹو: اسکرین شاٹ
لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ نئے صوبے اسی صورت میں بنیں گے جب سب راضی ہوں گے ورنہ نہیں بنیں گے۔
این سی سی آئی اے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر تمام جماعتوں کی رائے ضروری ہے۔ اس حوالے سے بہترین حل یہ ہے کہ عوام کی رائے لے لی جائے۔ اگر اس کے علاوہ بھی کوئی بہتر حل ہے تو اس کے لیے بھی عوام کے پاس جانا چاہیے۔ اگر عوام کہتے ہیں کہ نئے صوبے نہیں بننے چاہئیں تو وہ عوام کے ساتھ ہوں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر ہر جماعت کا اپنا مؤقف ہے۔ پیپلزپارٹی کا بھی اپنا مؤقف ہے، ہمارے لیے پیپلزپارٹی، مسلم لیگ (ن) سمیت تمام جماعتیں اہم ہیں۔ مسلم لیگ (ن) اور ہم سب اکٹھے ہیں، جو بھی ہوگا اختلاف کی بنیاد پر نہیں ہوگا۔ اگر سب راضی ہوں گے تو ہی سب کچھ ہوگا۔
بانی پی ٹی آئی اور ان کے اہلخانہ سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایک دو روز سے افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ پتا نہیں کیا ہونے والا ہے اور کیا ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا جو قانونی حق ہے اور عدالت سے انہیں جو ملے گا، وہی ملے گا، باقی تمام معاملات پہلے کی طرح ہیں اور کوئی فرق نہیں ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بچیوں کو بلیک میل کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس ہے۔ آن لائن فراڈ کے زیادہ تر کیسز میں خواتین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہماری ذمہ داری ہے۔ وزارت داخلہ میں موجود کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ لوگ کرپٹ افراد کی نشاندہی کریں، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
اسلام آباد میں زمینوں پر قبضوں سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ شہر کی زمین پر جس بے دردی سے قبضے کیے گئے ہیں، اس کی دنیا میں کہیں مثال نہیں ملتی۔