5 ہزار پاکستانیوں کے خلاف کارروائی کا آغاز ، امتحانی فراڈ میں ملوث بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا، محسن نقوی
سائبر کرائم کے متاثرین خصوصاً خواتین اور بچیوں کو بلیک میل کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے،این سی سی آئی اے ہیڈکوارٹر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو
فائل فوٹو
لاہور: وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے انکشاف کیا ہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے بین الاقوامی یونیورسٹیوں کے امتحانات میں جعلسازی کرنے والے ایک بڑے منظم نیٹ ورک کو بے نقاب کر کے اس کے کارندوں کو گرفتار کر لیا ۔
لاہور میں این سی سی آئی اے ہیڈکوارٹر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ داخلہ نے بتایا کہ گرفتار ہونے والا گروہ بنیادی طور پر لاہور سے کام کر رہا تھا اور اس کے روابط بین الاقوامی ویب سائٹس سے جڑے ہوئے تھے۔ اس نیٹ ورک نے جدید طریقوں اور دھوکا دہی کے ذریعے تقریباً 5 ہزار پاکستانیوں کو غیر ملکی یونیورسٹیوں کے امتحانات پاس کرنے اور داخلے حاصل کرنے میں غیر قانونی مدد فراہم کی۔
محسن نقوی کے مطابق اس امتحانی فراڈ نیٹ ورک کے مرکزی ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ اس غیر قانونی طریقے سے فائدہ اٹھانے والے تقریباً 5 ہزار پاکستانیوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
وزیرِ داخلہ نے مزید بتایا کہ سائبر کرائم کے متاثرین خصوصاً خواتین اور بچیوں کو بلیک میل کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔ شہریوں کی سہولت کے لیے این سی سی آئی اے کے شکایت سیل کو جلد ہی پاک آئی ڈی ایپ کے ساتھ منسلک کر دیا جائے گا تاکہ شکایات کا اندراج اور ٹریکنگ آن لائن ممکن ہو سکے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ ایجنسی کو عملے اور وسائل کی کمی کا سامنا ہے، جسے دور کرنے کے لیے آئندہ ہفتے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔