تین اراکین اسمبلی مریم نواز سے ملنے گئے، انہیں بیسمنٹ میں بٹھائے رکھا گیا، صحافی کا دعوی مسترد
کیا آپ وہاں موجود تھے؟ حنا پرویز بٹ کا صحافی سے براہِ راست سوال۔
تین اراکین اسمبلی مریم نواز سے ملنے گئے، انہیں بیسمنٹ میں بٹھائے رکھا گیا، صحافی کا دعوی مسترد
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ملاقات کے لیے جانے والے تین اراکین اسمبلی کو بیسمنٹ میں کافی دیر تک بٹھائے رکھنے کے صحافی کے دعوے کو حنا پرویز بٹ نے مسترد کردیا۔
صحافی کے مطابق ان تین پارلیمنٹیرینز میں ایک رکن قومی اسمبلی اور دو ارکان پنجاب اسمبلی شامل تھے، جنہیں وزیراعلیٰ سے ملاقات کی یقین دہانی کرائی گئی تھی، تاہم انہیں ملاقات کا موقع نہیں دیا گیا۔
دوسری جانب پنجاب کے ایک وزیر نے دعویٰ کیا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو اس ملاقات کا علم نہیں تھا کیونکہ وہ پہلے سے طے شدہ اہم ملاقاتوں میں انتہائی مصروف تھیں۔
اس معاملے پر مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے صحافی کے دعوے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جھوٹ بولنے کی بھی حد ہوتی ہے، کیا آپ وہاں موجود تھے؟
حنا پرویز بٹ نے مزید کہا کہ اس طرح کی جھوٹی خبریں پھیلانے سے آپ کو ڈالر ملتے ہیں۔ کبھی سچ بھی بول لیا کریں یا جھوٹ بولنے کا ٹھیکہ آپ نے ہی اٹھا رکھا ہے؟
انہوں نے اپنے ردعمل میں صحافی کے دعوے کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے اس کی صداقت پر سوال اٹھایا۔