مانسہرہ سمیت اپر ہزارہ میں بارش اور برفباری، سردی کی شدت میں اضافہ

سرد ہواؤں سے سردی کی شدت میں اضافہ، بلند پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، سیاحوں کی آمد متوقع

November 12, 2026 · قومی

مانسہرہ سمیت اپر ہزارہ میں بارش اور برفباری، سردی کی شدت میں اضافہ

اپر ہزارہ ڈویژن میں موسم نے اچانک کروٹ بدل لی، مانسہرہ سمیت میدانی علاقوں میں مسلسل بارش جبکہ ناران، کاغان، شوگران اور بابوسر ٹاپ کے پہاڑوں پر موسم سرما کی پہلی برفباری نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا۔

ناران، کاغان، شوگران، بابوسر ٹاپ اور گردونواح کے بلند پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے، جس سے ان علاقوں کا قدرتی حسن مزید نکھر گیا ہے۔

موسم سرما کی پہلی برفباری کے بعد وادی کاغان اور ناران کے سیاحتی مقامات سیاحوں کی توجہ کا مرکز بننا شروع ہوگئے ہیں۔ برفباری کے دلکش مناظر دیکھنے کے لیے مقامی سیاحوں سمیت ملک بھر سے سیاحوں کی آمد متوقع ہے۔

دوسری جانب ضلع بھر میں رات گئے سے جاری مسلسل بارش نے سردی کی آمد کا احساس دلا دیا ہے۔ شدید یخ بستہ ہواؤں اور ٹھٹھرتی سردی کے باعث شہریوں نے گرم کپڑوں، شالوں، سویٹروں اور ہیٹرز کا استعمال شروع کردیا ہے۔

مانسہرہ شہر سمیت اوگی، بالاکوٹ، بفہ، شنکیاری اور گردونواح میں بارش کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ بارش سے جہاں موسم خوشگوار ہوگیا ہے، وہیں بجلی کی آنکھ مچولی اور سڑکوں پر کیچڑ اور پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا بھی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اپر ہزارہ میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ انتظامیہ نے سیاحوں اور مقامی مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور برفباری والے علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم کی صورتحال معلوم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ادھر کاشتکاروں نے بارش کو گندم سمیت ربیع کی فصلوں کے لیے انتہائی مفید قرار دیا ہے۔