گلگت سے یاسین جانے والی مسافر وین دریا میں جا گری، خواتین و بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق

دریا سے 9 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں، 3 زخمی فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل ، باقی کی تلاش جاری

November 12, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

گلگت: گلگت سے یاسین جانے والی ایک مسافر وین تیز رفتاری یا موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہو کر دریا میں جا گری، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق جبکہ 3 شدید زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے وقت بدقسمت مسافر وین میں خواتین اور بچوں سمیت 18 افراد سوار تھے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور مقامی رضاکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ دریا سے 9 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ 3 زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے دریا میں بہہ جانے والے دیگر لاپتہ مسافروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن بدستور جاری ہے۔