این ویڈیا کی نئی سربراہ اسرائیلی اثاثہ نکلی،بڑا کھیل سامنے آنےلگا
کولیٹ کرس نے خود اپنے انٹرویو میں اعتراف کیا تھا کہ وہ دن کا آغاز اینویڈیا اسرائیلی ایگزیکٹوز کے ساتھ رابطے سے کرتی ہیں
این ویڈیا کی نئی سربراہ اسرائیلی اثاثہ نکلی،بڑا کھیل سامنے آنےلگا
دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا کی عبوری چیف ایگزیکٹو کولیٹ کریس کے اسرائیل میں قائم کمپنی کے آپریشنز سے گہرے پیشہ ورانہ روابط کا انکشاف ہوا ہے، ان کا ایک پرانا انٹرویو بھی سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ وہ اپنے دن کا آغاز اسرائیل میں موجود ٹیموں کے ساتھ اجلاسوں سے کرتی ہیں۔
اسرائیلی اخبار گلوبز کو جولائی 2023 میں دیے گئے انٹرویو میں کولیٹ کریس کا کہنا تھا کہ ان کے دن کا آغاز اسرائیل کے ساتھ ہونے والی میٹنگز سے ہوتا ہے اور اس کے بعد وہ کیلیفورنیا میں اپنی مصروفیات جاری رکھتی ہیں۔
این ویڈیا کے بورڈ نے حال ہی میں کمپنی کے چیف فنانشل آفیسر کولیٹ کریس کو عبوری چیف ایگزیکٹو مقرر کیا ہے، جبکہ کمپنی کے شریک بانی جینسن ہوانگ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
اسرائیل میں این ویڈیا کا کاروباری نیٹ ورک بھی مسلسل وسعت اختیار کر رہا ہے۔ گلوبز کی فروری 2026 کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل میں کمپنی کے ملازمین کی تعداد تقریباً 6 ہزار ہوچکی ہے، جبکہ اس کے مختلف مراکز یوکنعام، تل ابیب، رعنانا، تل حی، کریات گات اور بیرسبع میں قائم ہیں۔
این ویڈیا نے 2019 میں اسرائیلی نیٹ ورکنگ کمپنی میلانوکس کو 6 ارب 90 کروڑ ڈالر میں خریدنے کا معاہدہ کیا تھا، جو 2020 میں مکمل ہوا۔ کولیٹ کریس نے اس خریداری کو ٹیکنالوجی کی صنعت کے بہترین کاروباری معاہدوں میں سے ایک قرار دیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق میلانوکس کی ٹیکنالوجی پر مبنی نیٹ ورکنگ ڈویژن نے 2025 میں کم از کم 40 ارب ڈالر آمدنی حاصل کی، جو این ویڈیا کی مجموعی آمدنی کا تقریباً 16 فیصد بنتی ہے۔
کمپنی نے اسرائیل کے شہر کریات تیون میں ایک بڑے نئے کیمپس کی تعمیر کا منصوبہ بھی منظور کیا ہے، جہاں بنیادی طور پر نیٹ ورکنگ ٹیکنالوجی پر کام کیا جائے گا۔
کولیٹ کریس کی عبوری تقرری کے بعد ان کے اسرائیلی آپریشنز سے طویل عرصے پر محیط رابطوں اور این ویڈیا کے اسرائیل میں بڑھتے ہوئے کاروبار نے عالمی ٹیکنالوجی حلقوں میں کمپنی کے اس اہم کاروباری مرکز کی اہمیت کو دوبارہ نمایاں کردیا ہے۔