اقوام متحدہ نے یمن پر پابندیوں میں ایک سال کی توسیع کردی

یہ قرارداد یمن اور خطے میں حوثیوں کے حملوں کے خلاف سلامتی کونسل کے عزم کا اظہار ہے۔سارہ میکنٹوش

November 13, 2026 · بام دنیا
اقوام متحدہ نے یمن پر پابندیوں میں ایک سال کی توسیع کردی

اقوام متحدہ نے یمن پر پابندیوں میں ایک سال کی توسیع کردی

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے یمن سے متعلق پابندیوں میں مزید ایک سال کی توسیع کرتے ہوئے حوثی گروپ پر زور دیا ہے کہ وہ فوری اور غیر مشروط طور پر اپنی فوجی کارروائیاں بند کرے۔ کونسل نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی بھی شدید مذمت کی ہے

جمعرات کو سلامتی کونسل کے اجلاس میں متفقہ طور پر قرارداد منظور کی گئی، جس کے تحت پابندیوں کی زد میں آنے والے افراد اور اداروں کے اثاثے منجمد کرنے اور ان پر سفری پابندیوں کی مدت 14 نومبر 2027 تک بڑھا دی گئی ہے۔

قرارداد میں یمن سے متعلق ماہرین کے پینل کے مینڈیٹ میں بھی رواں سال دسمبر تک توسیع کی گئی ہے۔

سلامتی کونسل نے حوثی گروپ سے مطالبہ کیا کہ وہ عام شہریوں، شہری تنصیبات، تجارتی ہوائی اڈوں اور بین الاقوامی بحری گزرگاہوں کو نشانہ بنانے سمیت تمام فوجی کارروائیاں فوری طور پر بند کرے۔

اقوام متحدہ میں برطانیہ کی مستقل مندوب سارہ میکنٹوش نے کہا کہ یہ قرارداد یمن اور خطے میں حوثیوں کے حملوں کے خلاف سلامتی کونسل کے عزم کا اظہار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے اسلحے کی پابندی پر عمل درآمد مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔ خصوصاً ہتھیاروں کی تیاری میں استعمال ہونے والے خام کیمیکلز اور دیگر اشیا کی نگرانی سخت کی جائے گی، جن کی فہرست آئندہ مہینوں میں تیار کی جائے گی۔

دوسری جانب بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ یمنی حکومت نے سلامتی کونسل کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے، تاہم حوثی گروپ کو باضابطہ طور پر دہشت گرد تنظیم قرار نہ دیے جانے پر افسوس کا اظہار بھی کیا ہے۔