عمران خان سے ملاقات 28ویں ترمیم کے لیے نہیں کرائی گئی،سازشی نظریہ غلط ہے،رانا ثنا اللہ
ان کے خلاف اپیل کا فیصلہ جس روز آئے گا، اسی دن مختلف سازشی نظریات اور ابہام بھی ختم ہوجائیں گے۔
عمران خان سے ملاقات 28ویں ترمیم کے لیے نہیں کرائی گئی،سازشی نظریہ غلط ہے،رانا ثنا اللہ
ایک انٹرویو کے دوران رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ 28ویں آئینی ترمیم کے لیے عمران خان سے ملاقات کرائی گئی۔ ان کے خلاف اپیل کا فیصلہ جس روز آئے گا، اسی دن مختلف سازشی نظریات اور ابہام بھی ختم ہوجائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور اداروں کے درمیان نہ کبھی دوری پیدا ہوئی ہے اور نہ ہی آئندہ ایسا ہوسکتا ہے۔ ان کے مطابق اداروں کے ساتھ اعتماد کی بنیادی وجہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی شخصیات ہیں۔
واضح رہے کہ 11 نومبر کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ان کے وکلا سردار لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر کی ملاقات اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر کرائی گئی تھی، جو دو گھنٹے سے زائد جاری رہی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران وکلا نے عمران خان سے مختلف مقدمات، متفرق درخواستوں اور قانونی امور پر تفصیلی مشاورت کی، جبکہ بشریٰ بی بی کے مقدمات اور قانونی معاملات بھی زیر بحث آئے۔ ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں ہوئی اور بشریٰ بی بی بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
ملاقات کے بعد سردار لطیف کھوسہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ عمران خان سے تین سے چار گھنٹے تک ملاقات ہوئی، جس میں ان کی صحت اور مقدمات سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔