اینویڈیا اسکینڈل کی امریکی تحقیقات پر سنگاپور نے سوالات اٹھا دیے، ایلس ہانگ کہاں گئی
تحقیقات میں امریکی حکام نے خاطر خواہ تعاون نہیں کیا، جبکہ ان کے مبینہ روابط نے اینویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ کا نام بھی اس معاملے میں نمایاں کر دیا ہے۔سنگاپور حکومت
اینویڈیا اسکینڈل کی امریکی تحقیقات پر سنگاپور نے سوالات اٹھا دیے، ایلس ہانگ کہاں گئی
اینویڈیا اسکینڈل سے جڑے مبینہ جاسوسی معاملے کی تحقیقات پر سنگاپور نے امریکا کے کردار سے متعلق سوالات اٹھا دیے ہیں۔ سنگاپور حکومت کا کہنا ہے کہ ایلس ہوانگ سے متعلق تحقیقات میں امریکی حکام نے خاطر خواہ تعاون نہیں کیا، جبکہ ان کے مبینہ روابط نے اینویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ کا نام بھی اس معاملے میں نمایاں کر دیا ہے۔
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سنگاپور حکومت نے جمعرات کو جاری بیان میں بتایا کہ حکام نے جون 2025 سے فروری 2026 تک ایلس ہوانگ کا پاسپورٹ اپنے قبضے میں رکھا تھا تاکہ وہ میگاسپیڈ نامی کمپنی سے متعلق ممکنہ غلط اعلانات کے معاملے میں ملک سے باہر نہ جا سکیں۔
سنگاپور کے مطابق ایلس ہوانگ کی کمپنی میگاسپیڈ ملک میں قائم ہے اور حکام اس کے کاروباری معاملات کی تحقیقات کر رہے تھے۔ بعد ازاں انہیں ناکافی شواہد کی بنیاد پر رہا کر دیا گیا، تاہم سخت تنبیہ جاری کرنے کے ساتھ دوبارہ سنگاپور میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی۔
سنگاپور حکومت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات کے دوران امریکی سرور ساز کمپنی سپر مائیکرو سے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم کمپنی نے محدود تعاون کیا۔ سنگاپور نے جولائی 2025 میں امریکی محکمہ انصاف اور وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی سے بھی رابطہ کرکے سپر مائیکرو کا تعاون حاصل کرنے میں مدد مانگی تھی۔
بیان کے مطابق بار بار درخواستوں کے باوجود سنگاپور کو کمپنی کے حوالے سے اب تک محدود معلومات اور معاونت مل سکی ہے۔
دوسری جانب سپر مائیکرو نے میگاسپیڈ کے ساتھ کاروباری تعلق کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے کبھی میگاسپیڈ کو کوئی مصنوعات فروخت نہیں کیں اور کمپنی امریکی برآمدی قوانین کی پابندی کرتی ہے۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو گزشتہ برس ایلس ہوانگ کے نیوڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ سے تعلق اور ان کے مبینہ طور پر چینی انٹیلی جنس سے وابستہ ہونے کے بارے میں بریفنگ دی گئی تھی۔ اخبار نے یہ بھی رپورٹ کیا کہ تائیوان نے امریکی حکومت کی ہدایت پر 2024 میں ایلس ہوانگ کی نگرانی شروع کی تھی۔
سنگاپور کے بیان کے مطابق دورانِ تفتیش ایلس ہوانگ نے میگاسپیڈ میں اپنے کردار کو محدود ظاہر کرنے کی کوشش کی۔ حکام نے ممکنہ غلط اعلانات کے الزامات پر ناکافی شواہد کی وجہ سے انہیں رہا کیا، تاہم میگاسپیڈ کے خلاف پولیس کی تحقیقات جاری ہیں۔