پاکستان کو طویل مدتی معدنی سرمایہ کاری کے لیے مسابقتی منزل بنانا چاہتے ہیں،فیلڈ مارشل عاصم منیر
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب، معدنی وسائل کے تحفظ، سرمایہ کاری اور ویلیو ایڈڈ ترقی پر زور
پاکستان کو طویل مدتی معدنی سرمایہ کاری کے لیے مسابقتی منزل بنانا چاہتے ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) اور ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو طویل مدتی معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک مسابقتی منزل بنانا ہمارا مقصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ کان کنی کے پورے ماحولیاتی نظام کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ کانوں اور کان کنوں، سرمایہ کاری، صنعتوں، منصوبوں اور ان سے وابستہ افراد کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے۔ ہمارا مقصد صرف خام مال برآمد کرنا نہیں بلکہ ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ سمیت پوری ویلیو چین کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایسی طویل مدتی شراکت داری کو پروان چڑھانا چاہتے ہیں جو پاکستان اور اس کے شراکت داروں کے لیے پائیدار معاشی قدر کا باعث بنے۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ معدنی ترقی کے ثمرات مقامی آبادیوں تک پہنچنا ضروری ہیں اور معدنیات سے مالا مال علاقوں کے لوگوں کو اپنی زندگیوں میں ٹھوس بہتری نظر آنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام محنتی، دلیر اور پرعزم ہیں اور ان میں اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ ہمارے وسائل مواقع فراہم کرتے ہیں، جبکہ نتائج حاصل کرنے کے لیے ہمارے عوام طاقت اور عزم کا سرچشمہ ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مزید کہا کہ ہمیں صلاحیت سے پیداوار، وعدوں سے عمل اور خام برآمدات سے ویلیو ایڈڈ ترقی کی جانب پیش رفت کرنا ہوگی۔