مغربی کابل میں طالبان کی جانب سے ہزارہ خاندانوں کو گھروں سے بے دخل کرنے کا سلسلہ شروع
امیدِ سبز ٹاؤن شپ میں فی کمرہ 4 ہزار افغانی ماہانہ کرایہ عائد، عدم ادائیگی پر خاندانوں کی بے دخلی
مغربی کابل میں طالبان کی جانب سے ہزارہ خاندانوں کو گھروں سے بے دخل کرنے کا سلسلہ شروع
مغربی کابل کے ہزارہ آبادی والے رہائشی علاقے امیدِ سبز ٹاؤن شپ کے مکینوں کا کہنا ہے کہ طالبان نے خاندانوں کو گھروں سے بے دخل کرنے اور ان کی جائیدادوں کا کنٹرول سنبھالنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
مقامی رہائشیوں کے مطابق طالبان کی جانب سے عائد کردہ کرایہ ادا نہ کرنے والے خاندانوں کو زبردستی اپنے گھروں سے نکالا جا رہا ہے۔
متعدد رہائشیوں نے جمعرات کو افغانستان انٹرنیشنل کو بتایا کہ طالبان نے ان خاندانوں کو زبردستی بے دخل کرنا شروع کر دیا ہے جو فی کمرہ ماہانہ 4 ہزار افغانی کرایہ ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔
رہائشیوں کی جانب سے بھیجی گئی ویڈیوز میں کئی خاندانوں کو اپنا سامان گاڑیوں میں لاد کر ٹاؤن شپ سے نقل مکانی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ایک رہائشی کے مطابق متعدد خاندان طالبان کی جانب سے طلب کردہ کرایہ ادا کرنے کے قابل نہیں، جس کے باعث انہیں اپنے گھروں سے نکلنے پر مجبور ہونا پڑا۔
رپورٹ کے مطابق نومبر کے آغاز میں طالبان نے مکینوں کو اپنے ہی گھروں میں رہائش برقرار رکھنے کے لیے گروپ کو کرایہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔ طالبان کی جانب سے تقسیم کی گئی دستاویز کے مطابق ہر کمرے کا ماہانہ کرایہ 4 ہزار افغانی مقرر کیا گیا ہے۔
اس سے قبل رہائشیوں نے بتایا تھا کہ طالبان کی وزارتِ انصاف کے مسلح اہلکار گھر گھر جا کر لوگوں کو کرایے کی ادائیگی سے متعلق دستاویزات پر انگوٹھے کے نشانات لگانے پر مجبور کر رہے تھے۔
اس سے پہلے طالبان کی وزارتِ انصاف نے امیدِ سبز ٹاؤن شپ کی 1500 ہیکٹر سے زائد اراضی کو سرکاری ملکیت قرار دیا تھا۔
ایک رہائشی نے اس سے قبل افغانستان انٹرنیشنل کو بتایا تھا کہ طالبان اہلکار گلی گلی جا کر عالیشان گھروں کی نشاندہی کر رہے ہیں تاکہ صوبوں سے اپنے خاندانوں کو کابل منتقل کر کے ان گھروں میں آباد کر سکیں۔ رہائشی نے الزام عائد کیا کہ طالبان نے اس ٹاؤن شپ میں لوٹ مار اور قبضے کی مہم شروع کر رکھی ہے۔
دوسری جانب امیدِ سبز کے متعدد رہائشیوں نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے طالبان کی جانب سے عائد کردہ کرایہ ادا نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
رہائشیوں کا مزید کہنا ہے کہ طالبان نے ٹاؤن شپ کی اراضی کو سرکاری ملکیت قرار دینے کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست پر غور کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔