پاکستان 2050 سے پہلے دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہوگا، وزیراعظم
اہم معاشی ہدف، معدنی وسائل سے استفادہ کیا جائیگا، ریکوڈک منصوبہ سنگ میل ہے
پاکستان 2050 سے پہلے دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہوگا، وزیراعظم
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان 2050 سے پہلے دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا، جبکہ گولڈمین سکس کی پیشگوئی کے مطابق پاکستان 2075 تک دنیا کی چھٹی بڑی معیشت بن سکتا ہے۔ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب اور بیرک مائننگ کارپوریشن کے چیئرمین جان تھورنٹن کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت نئے اعتماد کے ساتھ ترقی اور تبدیلی کے سفر پر گامزن ہے، اور بیرک کمپنی کا پاکستان پر اعتماد برقرار رکھنے پر شکرگزار ہیں۔
سرکاری دستاویزات اور کانفرنس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان کے قیمتی معدنی وسائل کو خام شکل میں بیرون ملک بھیجنا بند کیا جائے گا، اور ان وسائل کو ملکی ڈاؤن سٹریم انڈسٹری اور صنعتوں کے لیے بروئے کار لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2 دہائیوں سے تعطل کا شکار ریکوڈک منصوبہ اب عملی تکمیل اور آپریشنل مرحلے کی جانب بڑھ رہا ہے، جو دنیا کے تانبے اور سونے کے بڑے غیراستعمال شدہ ذخائر میں سے ایک ہے۔ ریکوڈک کی کامیابی پاکستان میں مستقبل کی معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک مثالی معیار قائم کرے گی۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور صوبے کے عوام کو معدنی منصوبوں کے ثمرات میں براہِ راست شریک کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ مقامی آبادی کو تعلیم، صحت اور بہتر معیار زندگی کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، جبکہ نوجوانوں کے لیے روزگار اور ہنرمندی کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔
ملاقات اور فورم کے دوران معدنی شعبے کے فروغ کے لیے شفاف پالیسیوں، لائسنسوں کے آسان اجرا اور مساوی شراکت داری پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔