الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹ بورڈز انتخابات میں تاخیر پر وزیراعظم آفس سے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا

اہم پیش رفت، وزارت دفاع کو خطوط ارسال، آئندہ سماعت یکم دسمبر کو ہوگی۔

November 13, 2026 · قومی
الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹ بورڈز انتخابات میں تاخیر پر وزیراعظم آفس سے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا

الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹ بورڈز انتخابات میں تاخیر پر وزیراعظم آفس سے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 42 کنٹونمنٹ بورڈز میں انتخابات کے انعقاد میں تاخیر پر سخت نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم آفس کو دوبارہ خط لکھنے اور 2 ہفتوں کے اندر جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ تحریری حکم کے مطابق ان کنٹونمنٹ بورڈز کی مدت 11 اپریل 2026 کو ختم ہو چکی تھی اور قانون کے تحت 8 اگست تک نئے انتخابات کرانا لازم تھے، تاہم مقررہ وقت میں انتخابات نہیں ہو سکے۔ دستاویز کے مطابق الیکشن کمیشن نے 11 جنوری 2026 کو حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کیا اور 20 اپریل کو حتمی فہرست شائع کی، لیکن کنٹونمنٹ ایکٹ کی دفعہ 19 ڈی کے تحت انتخابات کے لیے وفاقی حکومت کی باضابطہ درخواست قانونی طور پر ضروری ہے۔ الیکشن کمیشن نے وزارت دفاع کو متعدد خطوط ارسال کیے جب کہ چیف الیکشن کمشنر نے وزیراعظم کو بھی ڈی او خط لکھا۔ وزارت دفاع کے نمائندوں نے مؤقف اختیار کیا کہ وفاقی حکومت کو درخواست بھجوا دی گئی ہے مگر وزیراعظم آفس سے تاحال جواب موصول نہیں ہوا۔ کمیشن نے واضح کیا ہے کہ جواب نہ ملنے پر مناسب قانونی حکم جاری کیا جائے گا اور کیس کی سماعت 3 ہفتے بعد ہوگی۔

دریں اثنا، الیکشن کمیشن میں گوجرانوالہ ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کارروائی کی۔ اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے انتخابی مہم کے دوران ہیلی کاپٹر پر حلقے کا دورہ کیا اور عوامی اجتماع سے خطاب کیا جو الیکشن ایکٹ اور ضابطہ اخلاق کی صریح خلاف ورزی ہے، جس پر 2 سال تک کی قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ وزیر اطلاعات کے وکیل نے بتایا کہ وہ سرکاری غیر ملکی دورے پر ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ حکومت الیکشن کمیشن کو ہدایات نہیں دے سکتی اور اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ہر صورت ہوں گے۔ کمیشن نے ڈی آر او، ڈی ایم او، ڈی آر او اور سی پی او گوجرانوالہ کو طلب کرتے ہوئے سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کر دی۔

علاوہ ازیں، الیکشن کمیشن نے رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی تازہ فہرست بھی جاری کر دی ہے جس میں مجموعی طور پر 160 سیاسی جماعتیں شامل ہیں۔ جاری کردہ فہرست کے مطابق پاکستان تحریک انصاف، متحدہ قومی موومنٹ، تحریک لبیک پاکستان، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور عوام پاکستان پارٹی سمیت کئی جماعتیں بغیر سربراہ کے رجسٹرڈ ظاہر کی گئی ہیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ بعض جماعتوں کے انٹرا پارٹی انتخابات اور آئینی ترامیم کے معاملات زیر التوا ہونے کی وجہ سے سربراہان کے نام فی الحال فہرست میں شامل نہیں ہیں۔