جاپان کا پاکستان میں انسداد پولیو پروگرام کے لیے 43 لاکھ ڈالر گرانٹ کا اعلان
اہم مالی معاونت، ویکسین کی خریداری کی جائے گی، وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد ملے گی۔
حکومت جاپان نے پاکستان میں انسداد پولیو پروگرام کے لیے 43 لاکھ ڈالر کی گرانٹ دینے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق اس مالی معاونت کو آئندہ سال کی انسداد پولیو مہم کے لیے ویکسین کی خریداری پر خرچ کیا جائے گا، جس سے سال 2027 کی مہم کے لیے 2 کروڑ 80 لاکھ ویکسین خوراکیں خریدی جائیں گی۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ جاپانی گرانٹ ملک بھر میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی مہم کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انسداد پولیو ویکسین کی ہر خوراک پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانے کے ہدف کے مزید قریب لے جانے میں معاون ثابت ہوگی۔
دستاویزات کے مطابق حکومت جاپان سال 1996 سے پاکستان کی انسداد پولیو کوششوں میں ایک دیرینہ شراکت دار چلی آ رہی ہے اور اس کی یہ مالی معاونت پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان دنیا کے ان 2 ممالک میں شامل ہے جہاں اب بھی وائلڈ پولیو وائرس کی منتقلی کا سلسلہ جاری ہے، تاہم ملک میں گزشتہ برسوں کے دوران پولیو کیسز میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔